ram madhav

حالیہ میں منعقدہ اسمبلی انتخابات جموں و کشمیر اور ملک کی تاریخ میں ’’واٹرشیڈ‘‘

جو بھی جموں کشمیر میں اگلی حکومت بنائے گا اسے قوم پرستی کے ایجنڈے کو اپناتے ہوئے حکومت چلانی ہوگی/ رام مادھو

سرینگر//حالیہ میں منعقدہ اسمبلی انتخابات کو جموں و کشمیر اور ملک کی تاریخ میں ’’واٹرشیڈ‘‘قرار دیتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے انتخابی انچارج جموں و کشمیر اور پارٹی کے سینئر لیڈر رام مادھو نے کہا کہ انتخابات کا پرامن انعقاد اور زبردست شرکت سے عوام نے دکھایا ہے کہ اب جموں کشمیر میں جمہوریت ہی واحد آپشن ہے اور لوگوں نے بندوق کے کلچر اور علیحدگی پسندی کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔سی این آئی کے مطابق جموں میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں بی جے پی کی الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے رام مادھو نے کہا کہ عوام نے تشدد اور دہشت گردی کا راستہ اختیار کرنے والے عناصر کو مکمل طور پر مسترد اور الگ تھلگ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ تشدد کو اب لوگوں کی حمایت حاصل نہیں ہو سکتی کیونکہ اس الیکشن نے اسے کسی شک سے بالاتر ثابت کر دیا ہے ۔ ‘‘ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ یہ سوال نہیں ہے کہ الیکشن کون جیتے یا ہارے لیکن جمہوریت کی جیت ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اس پر متفق ہوں یا نہ ہوں لیکن یہ ایک ثابت شدہ حقیقت ہے کہ کشمیر میں اس تبدیلی کا پورا کریڈٹ نریندر مودی حکومت کو حاصل ہے۔مادھو نے کہا کہ کشمیر میں اب اسکیم آف چیزوں میں علیحدگی پسندی کی کوئی جگہ نہیں ہے اور جو بھی جموں کشمیر میں اگلی حکومت بنائے گا اسے قوم پرستی کے ایجنڈے کو اپناتے ہوئے حکومت چلانی ہوگی۔ انہوں نے کہا ’’اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ نئی حکومت کا ایجنڈا اب قوم پرستی پر مبنی ہو گا۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ اس بار انتخابات میں لوگوں کی زبردست شرکت نے نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ پورے ملک میں ایک اچھا اشارہ دیا ہے۔