سری نگر//چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں سپیشل سیکرٹری حارث احمد ہنڈو نے شیر کشمیر اِنٹرنیشنل کنونشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی ) کے ڈائریکٹر کا چارج سنبھال لیا۔اِس موقعہ پر ایس کے آئی سی سی کے عملے نے نئے ڈائریکٹر کا والہانہ اِستقبال کیا۔ڈائریکٹر نے چارج سنبھالنے کے بعد اَفسران اور دیگر عملے کے ساتھ مختصر بات چیت کی۔اُنہوں نے اس دوران گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایس کے آئی سی سی کی حیثیت ایک ممتاز مقام کے طور پر جہاں قومی و بین الاقوامی تقریبات منعقد ہوتی ہیں، برقرار رکھنا نہایت ضروری ہے۔ اُنہوں نے اَفسران اور عملے پر زور دیا کہ وہ اس مقام کو کانفرنسوں، ثقافتی تقریبات اور عالمی اشتراکات کے مرکز کے طور پر فروغ دینے کے لئے انتہائی لگن سے کام کریں تاکہ جموں و کشمیر کے قدرتی حسن اور ثقافتی ورثے کو اُجاگر کیا جا سکے۔ اُنہوں نے کہا،’’ ایس کے آئی سی سی ہمیشہ سے خطے میں مہمان نوازی اور اعلیٰ معیار کی علامت رہا ہے۔‘‘اُنہوں نے ملازمین کو یقین دِلایا کہ اس اہم ادارے کے کام کاج سے متعلق تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ملازمین نے نئے ڈائریکٹر کو اس باوقار کانفرنس سینٹر کی میراث کو آگے بڑھانے کے لئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔










