2025 میں 86.27 فیصد شکایات کا ازالہ
سرینگر//وی او آئی//جموں و کشمیر حکومت کے عوامی شکایات کے ازالے کے پلیٹ فارم “جے کے سمدھان” میں رواں سال اب تک ایک لاکھ دو ہزار سے زائد شکایات درج ہوئی ہیں جن میں سے 88 ہزار سے زیادہ شکایات حل کی جا چکی ہیں۔ اس طرح مجموعی ازالہ شرح 86.27 فیصد رہی ہے۔ یہ اعداد و شمار چیف سیکریٹری اتل دلو کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں پیش کیے گئے جہاں سسٹم کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ محکمہ عوامی شکایات نے بتایا کہ 11 دسمبر تک پلیٹ فارم پر 1,02,110 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 88,091 کا ازالہ کیا گیا۔ سمدھان سے براہ راست درج شکایات کے ازالے کی شرح 87.59 فیصد رہی جبکہ مرکزی شکایات مانیٹرنگ سسٹم (CPGRAMS) سے منسلک شکایات میں یہ شرح 76.35 فیصد رہی۔ چیف سیکریٹری نے ضلع سطح پر شہری رجسٹریشن کی پیش رفت کو سراہا، جہاں گاندربل نے 115 فیصد، شوپیاں نے 105 فیصد اور کشتواڑ نے 101 فیصد ہدف حاصل کیا۔ مجموعی طور پر یونین ٹیریٹری میں رجسٹریشن کوریج 69 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اجلاس میں محکموں کے لحاظ سے شکایات کے بوجھ اور ازالے کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ ریونیو، پی ڈبلیو ڈی، دیہی ترقی، پاور ڈیولپمنٹ، ہاؤسنگ و اربن ڈیولپمنٹ، ہوم اور جل شکتی محکمے سب سے زیادہ شکایات والے محکمے رہے اور انہیں تیز تر ازالہ یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ کئی محکموں نے 85 فیصد سے زیادہ ازالہ شرح برقرار رکھی جبکہ دیگر کو زیر التواء معاملات کم کرنے کی تاکید کی گئی۔ اٹل ڈلو نے کہا کہ بروقت، شفاف اور ہمدردانہ شکایات کا ازالہ ہر محکمہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ جے کے سمدھان شہری خدمات کی شفاف نگرانی کا مرکزی پلیٹ فارم بن چکا ہے اور اسے مزید مؤثر بنانے کے لیے اپیل میکانزم اور CPGRAMS کے ساتھ انضمام کو بہتر کرنا ضروری ہے۔ اجلاس میں شہری فیڈ بیک ڈیش بورڈ کا بھی جائزہ لیا گیا جس میں 8,704 شکایات پر رائے درج ہوئی۔ کئی محکموں کو مثبت درجہ بندی ملی جبکہ کچھ کو شہریوں سے رابطے بہتر بنانے کی ہدایت دی گئی۔










