سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نےسول سیکرٹریٹ میں جموں و کشمیر روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( جے کے آر ٹی سی ) کے 83 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز ( بی او ڈی) میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں چیف سیکرٹری ارون کمار مہتہ، کمشنر سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ ہردیش کمار ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے آر ٹی سی انگریز سنگھ رانا ، ڈائریکٹر جنرل بجٹ محمد یعقوب ایتو ، چیف انجینئر میکنیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ ، فائنانس ، پی ڈبلیو ڈی اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ بی او ڈیز نے میٹنگ کے دوران کارپوریشن کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا اس کے علاوہ بورڈ کی میٹنگوں میں ہونے والے فیصلوں کی کاروائی سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ مشیر بھٹناگر جو کہ بی او ڈی کے چئیر مین بھی ہیں ، نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کارپوریشن میں نئے رحجانات لانے کی ضرورت پر زور دیا تا کہ کارپوریشن میں کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے اور اسے منافع بخش اور عوامی افادیت کے قابل بنایا جا سکے ۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ کارپوریشن کی کامیابی کیلئے مناسب روڈ میپ تیار کریں اور انتظامیہ سے ایک ایسا ماڈل اپنانے کیلئے کہا جو محصول اور آمدنی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ پورے جموں و کشمیر میں ایک موثر ٹرانسپورٹ سسٹم کے قیام کے سلسلے میں قابل عمل ہو گا ۔ کارپوریشن میں بہتری لانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مشیر بٹھناگر نے کارپوریشن کے انتظام پر بھروسہ کیا کہ کارپوریشن میں بہتر کارکردگی کو یقینی بنانے کیلئے ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کی کارکردگی کی جانچ کیلئے ایک طریقہ کار وضع کیا جائے ۔ چیف سیکرٹری ارون کمار مہتا نے میٹنگ کے دوران خطاب کرتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ متعدد اقدامات کو شامل کر کے کارپوریشن میں کارکردگی کو بہتر بنائیں ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ بسوں کی روانگی کے وقت کے بارے میں تمام بس اسٹیشنوں پر ٹائم ٹیبل دکھائیں تا کہ عوام کو بسوں میں سوار ہونے کے دوران کسی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ ڈاکٹر مہتانے افسران پر زور دیا کہ وہ شہری مقامات کی خدمات کو بروئے کار لا کر بس اسٹیشنوں کا انتظام کریں اور ان مقامات پر تمام عوامی سہولیات دستیاب رکھی جائیں ۔ انہوں نے ان سے کہا کہ وہ کارپوریشن کی ورکشاپس کی کارکردگی پر کڑی نگرانی رکھیں اور کارپوریشن کے تمام اثاثوں کو آمدن بخش بنانے کیلئے موثر انداز میں استعمال کریں ۔ چیف سیکرٹری نے کارپوریشن میں جدیدیت لانے کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ بہتر عوامی خدمات کی فراہمی کیلئے کارپوریشن میں جدید ترین تکنیکی مداخلتیں شامل کریں اور روٹ کے منسوبوں اور ٹائم ٹیبل کی معلومات کے ساتھ ٹکٹوں کی بکنگ کیلئے جلد از جلد موبائیل اپلیکیشن تیار کریں تا کہ عوام آسانی کے ساتھ ٹکٹ بُک کروا سکیں اور آر ٹی سی کی خدمات کی طرف راغب ہوں ۔ میٹنگ کے دوران بورڈ نے قومی مونیٹائیزیشن پالیسی کے مطابق کارپوریشن کے اثاثوں کو منافع بخش بنانے کیلئے ایک طریقہ کار تیار کرنے کا فیصلہ لیا ۔ میٹنگ کے دوران ایم ڈی جے کے آر ٹی سی نے کارپوریشن کی پیشرفت اور کامیابیوں کے بارے میں تفصیلی پرزنٹیشن دی ۔ انہوں نے بورڈ کو آگاہ کیا کہ کارپوریشن نے سال 2020-21 کے دوران 75.03 کروڑ روپے جس میں 64.95 کروڑ روپے بطور اپریشنل محصول اور 10.08 کروڑ روپے غیر اپریشنل آمدنی کے طور پر شامل ہیں کا محصول حاصل کیا ۔ انہوں نے میٹنگ میں یہ بھی بتایا کہ کارپوریشن کی طرف سے 503 نئی گاڑیاں خریدی گئی ہیں جن میں 277 ٹرک ، 185 بسیں اور 41 اے سی بسیں شامل ہیں ، جو مقررہ وقت پر پہنچیں گی اور جموں و کشمیر بھر میں عوامی نقل و حمل کے مؤثر نظام کیلئے طلائی جائیں گی ۔










