پانپور/جموں//جموں و کشمیر اَنٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ اِنسٹی چیوٹ (جے کے اِی ڈِی آئی ) نے اپنے مین کیمپس پانپور اور ریجنل سینٹر بڑی براہمنا جموں میں 79ویں یومِ آزادی پورے جوش و خروش اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا۔ اِس تقریب میںاِنسٹی چیوٹ کے عملے اور مقامی معززین نے شرکت کی۔سیکرٹری صنعت و حرفت اور ڈائریکٹرجے کے اِی ڈِی آئی خالد جہانگیر نے مین کیمپس پانپور میں تقریب کی صدارت کی جبکہ ریجنل سینٹر بڑی براہمنا جموں میں جوائنٹ ڈائریکٹر جے کے اِی ڈِی آئی چاند کشور شرمانے قومی پرچم لہرایا اور اِجتماع سے خطاب کیا۔پانپور میں تقریبات کا آغاز قومی پرچم کشائی اور قومی ترانہ سے ہوا۔ اِس موقعہ پر ڈائریکٹرجے کے اِی ڈِی آئی نے خطاب کرتے ہوئے ملک کی آزادی کے لئے دی گئی عظیم قربانیوں بالخصوص مجاہدینِ آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کیا جن کی ہمت اور بے لوثی نے ہندوستان کی آزادی کی راہ ہموار کی۔ اُنہوں نے مہاتما گاندھی کے کردار اور ان کی عدم تشدد کی پالیسی کو ملک کی آزادی میں کلیدی قرار دیا۔اُنہوں نے کہا کہ جیسے جیسے ہندوستان ’’وِکست بھارت۔ 2047 ‘‘کے ویژن کی طرف بڑھ رہا ہے، ہمیں معاشی، سماجی اور تکنیکی ہر میدان میں ترقی کو یقینی بنانا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ جے کے اِی ڈِی آئی بطور یو ٹی کا اہم ادارہ برائے انٹرپرینیورشپ اور سکل ڈیولپمنٹ، قومی ترقی کے سفر میں اَپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔‘‘ریجنل سینٹر بڑی براہمنا جموں میں جوائنٹ ڈائریکٹر چاند کشور شرما نے قومی پرچم لہرایا اور تقریب سے خطاب کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک ترقی یافتہ قوم کے لئے معاشی خود مختاری اور اختراع بنیادی ستون ہیں۔دونوں تقاریب اتحاد و حب الوطنی کی علامت تھیں جن میں مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو یاد کیا گیا اور قوم کی تعمیر میں ہر فرد کے کردار پر زور دیا گیا۔ تقریب کا اختتام حب الوطنی کے نغموں اور شرکأ میں مٹھائیوں کی تقسیم سے ہوا جس سے قومی اتحاد اور فخر کا پیغام دیا گیا۔ تقریب نے شرکأ کے دلوں میں ایک بار پھر حب الوطنی کا جذبہ تازہ کر دیا۔دریں اثنأاِدارہ کے ضلعی مراکز میں بھی یومِ آزادی کی تقریبات منعقد ہوئیں اور ادارے کے ملازمین نے سری نگر کے بخشی سٹیڈیم میں منعقدہ مرکزی تقریب میں بھی شرکت کی۔










