جے اینڈ کے سماگراہ شکھشا نے ڈیجیٹل تعلیم کو مضبوط بنانے کیلئے بی آئی ایس اے جی ۔ این کے ساتھ مفاہمت نامے پر دستخط کئے

جموں//محکمہ سکولی تعلیم ،سماگراہ شکھشا جموں وکشمیر نے ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ تعلیم کو فروغ دینے کی سمت ایک اہم قدم کے طور پر بھاسکر آچاریہ نیشنل اِنسٹی چیوٹ فار سپیس ایپلی کیشنز اینڈ جیو اِنفارمیٹکس (بی آئی ایس اے جی۔ این)،مرکزی وزارتِ الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم اِی آئی ٹی وائی)کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کئے ہیں۔اِس دستاویز پر سیکرٹری محکمہ سکولی تعلیم جموں و کشمیر رام نواس شرما اور پروجیکٹ ڈائریکٹرسماگراہ شکھشا جموں و کشمیر بھوانی رکوالکی رہنمائی میں دستخط کئے گئے ہیں۔ اس کا مقصد جی ایس اے ٹی ۔15 سیٹلائٹ اور دوردرشن ڈی ٹی ایچ پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے ’جے کے اِی۔پاٹھ شالا‘کے عنوان سے ایک مخصوص ڈی ٹی ایچ تعلیمی ٹی وی چینل کے ذریعے تعلیمی مواد کے ٹیلی کاسٹ کی سہولیت فراہم کرنا ہے ۔ اِس اَقدام کا مقصد جموں و کشمیر میں بالخصوص دُور دراز اور پسماندہ علاقوں کے طلبأ کے لئے معیاری تعلیمی مواد تک رَسائی کو بہتر بنانا ہے۔معاہدے کے تحت بی آئی ایس اے جی۔ این چینل لانچنگ، آپریشن اور بلا تعطل ٹرانسمیشن کیلئے مکمل تکنیکی معاونت فراہم کرے گاجس میں بنیادی ڈھانچے کی تیاری، لائسنسنگ، ماہر افرادی قوت، مینی ٹیننس اور سیٹلائٹ ٹرانسمیشن شامل ہیں۔ یہ چینل جدید ایم پی اِی جی۔4 ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ریکارڈ شدہ اور براہِ راست تعلیمی پروگرام نشر کرے گا۔محکمہ سکولی تعلیم، سماگراہ شکھشا جموں و کشمیرمواد کی تیاری، تعلیمی منصوبہ بندی، معیار کی جانچ اور نصابی ہم آہنگی کا ذمہ دار ہوگا تاکہ طلباءکے لئے بامعنی اور دلچسپ تعلیمی تجربات کو یقینی بنایا جا سکے۔ مواد کو زیادہ سے زیادہ رسائی کے لئے ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارموں پر بھی بیک وقت نشر کیا جائے گا۔یہ اشتراک جموں و کشمیر کے ڈیجیٹل تعلیمی نظام کو مضبوط بنانے میں ایک انقلابی کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ جدید اور قابلِ رسائی تعلیمی ذرائع کے ذریعے طلبأ کو بااِختیار بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔