چیف سیکرٹری نے اَفسران کو دیانتداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کی تلقین کی
سری نگر//جموں و کشمیر انسٹی چیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن اینڈ رورل ڈیولپمنٹ (جے اینڈ کے آئی ایم پی اے آر ڈی) نے 2023 بیچ کے جموں و کشمیر ایڈمنسٹریٹیو، پولیس اور اکاؤنٹس سروسز کے اَفسران کے لئے چھ ہفتوں پر مشتمل مشترکہ فائونڈیشن ٹریننگ کورس کے کامیاب اِختتام پر ایک شاندار اِختتامی تقریب کا اِنعقاد کیا۔اِس موقعہ پرچیف سیکرٹری اَتل ڈولو مہمان خصوصی تھے جبکہ کمشنر سیکرٹری جی اے ڈِی ایم راجو مہمانِ ذِی وقار کی حیثیت موجود تھے ۔چیف سیکرٹری نے ا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی آئندہ اِنتظامی ذمہ داریوں میں دیانتداری اور پیشہ ورانہ معیار کو ہمیشہ برقرار رکھیں۔ اُنہوں نے لوگوںکو شفاف اور جوابدہ طریقے سے اِنصاف فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ڈائریکٹر امپارڈریحانہ بتول نے مشترکہ فائونڈیشن ٹریننگ کورس کے کامیاب اِنعقاد کے لئے اِدارے کی کوششوں کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔ اُنہوں نے بتایا کہ ’آرٹ آف لیونگ فاؤنڈیشن‘ کے تعاون سے یوگا اور مراقبے کی تربیت بھی دی گئی جس سے اَفسران کو توجہ مرکوز رکھنے اور صحت مند طرزِ زِندگی اَپنانے میں مدد ملی۔ڈائریکٹر نے ٹریننگ کورس کو کامیابی سے مکمل کرنے پر ٹرینی اَفسران کو مُبارک باد دی اور اُمید ظاہر کی کہ یہ ان کے پیشہ ورانہ کیریئر کی تشکیل اور تعمیر میں نمایاں کردار اَدا کرے گا۔تقریب میں اِمپارڈکے تمام اَفسران اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی جن میں فائنانشل ایڈوائزر درشن لال، فیکلٹی و اِنچارج ٹریننگز جموںڈاکٹر ریوا شرما اور فیکلٹی و اِنچارج ٹریننگز سری نگر ڈاکٹر جہاں آرا نے شرکت کی۔ اِس موقعہ پر ڈاکٹر جہاں آرا جبین نے کورس کا جائزہ پیش کیا جبکہ اسسٹنٹ کوآرڈی نیٹر جوائنٹ فائونڈیشن کورس ڈاکٹر بلال احمد بٹ نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔










