ملازمین کو پریشانیوںکاسامنا ،حکام سے فوری توجہ دینے کا مطالبہ
سرینگر /کے پی ایس // جی پی فنڈ کی واگذاری میں تاخیر کی وجہ سے سرکاری ملازمین کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ۔اس ضمن میں مختلف علاقوں سے متعدد محکمہ جات میں کام کرنے والے ملازمین نے متعدد بار فون کے ایک بار پھر کشمیر پریس سروس کو بتایا کہ جب آج ملازمین فنڈ آفس جاتے ہیں تو وہاں پر جی پی فنڈ کا کوئی شیڈول نہیں بنا ہوا اور نہ ہی فہرست کو منظر عام پر لایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب وہ فنڈ آفس کے متعلقہ افسران وملازمین کے ساتھ رابطہ کرکے شیڈول کا تقاضا کرتے ہیںتو ان کو وہاں سے جواب ملتا ہے کہ ابھی فہرست تیار نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب 2025نصف سال بھی اختتامی مراحل کی جانب گامزن ہے لیکن جی پی فنڈ پالیسی کے تحت شیڈول مرتب نہیں کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ فنڈ آفس سے ان کو کہا جارہا ہے کہ ان کا جی پی فنڈ شیڈول آن لائن دستیاب ہے لیکن جب سائٹ کو چیک کرتے ہیں تو وہاں کوئی شیڈول دستیاب نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح سے سرکاری ملازمین کے ساتھ یہ بھونڈا مذاق ہے ۔انہوں نے کہا کہ جی پی فنڈ ان کو اپنے خون پسینے کی کمائی ہوتی ہے اور اپنا پیسہ ہوتا ہے جو خزانہ عامرہ کے پاس بطور امانت ہوتا ہے اس کی واگذاری میں تاخیر ملازمین کے ساتھ صریحاً ناانصافی ہے اور اپنے پیسے ہوتے ہوئے ملازمین کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور کہا کہ ایک معاہدہ کے تحت انہوں نے دکانداروں یا کہیں سے قرض لیکر کسی پروجیکٹ پر کام شروع کیا ہوتا ہے اور ان کو یہ امید ہوتی ہے کہ ان کا جی پی فنڈ واگذار ہوجائے تو وہ کئے ہوئے معاہدہ کی پاسداری کریں اور اپنے اعتماد کو بحال کرسکیں ۔لیکن اس ٹال مٹول کی پالیسی سے ان کا معاہدہ جھوٹ پر مبنی ثابت ہوتاہے کیونکہ وہ ان کا واجب الادا رقم ادا کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔اس سلسلے میں انہوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملہ کی طرف توجہ دیکر ملازمین کے جی پی فنڈ کا شیڈول فوری طور منظر عام پر لایا جائے اور دی گئی ویب سائٹ کو اس طرح مستحکم بنائی جائے جس سے عام ملازم بھی اپنی جی فنڈ سے متعلق معلومات حاصل کرسکے گا تاکہ ان کی پریشانیوں کاازالہ ہوسکے گا ۔










