ادویات کی وافر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اننت ناگ اور بارہمولہ میں دو گودام بنائے جائیں گے ۔ ای سی ایس ہیلتھ
اننت ناگ//ایڈیشنل چیف سیکرٹری صحت اور طبی تعلیم وویک بھاردواج نے جی ایم سی اننت ناگ کا دورہ کیا اور جن اوشدی مترا سمیلن میں شرکت کی ۔ سمیلن کا انعقاد جن اوشدی پریوجنا کے بارے میں بیداری پھیلانے کیلئے کیا گیا تھا ۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے سی ایم او اننت ناگ نے اے سی ایس کو بتایا کہ یہ اسکیم مارچ 2019 سے چل رہی ہے ۔ پہلے مرحلے میں 4 مراکز قائم کئے گئے تھے اور فی الحال ضلع میں 7 مراکز کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے روشنی ڈالی کہ سٹوروں پر ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے انوینٹری کا انتظام ضروری ہے ۔ مزید براں فیلڈ اہلکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ برانڈڈ اور عام مصنوعات کے بارے میں بیداری پیدا کریں ۔ پرنسپل جی ایم سی اننت ناگ نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بروقت بیداری اور جارحانہ ویکسی نیشن پروگرام نتیجہ خیز رہا ہے اور ضلع ہسپتال میں کووڈ سے متاثرہ کسی بھی سنگین مریض کی عدم موجودگی اس حقیقت کا ثبوت ہے ۔ وویک بھاردواج نے کہا کہ ان بیداری کیمپوں کے انعقاد کا مقصد عوام کو یہ بتانا ہے کہ ان دکانوں پر دستیاب ادویات نہ صرف سستی ہیں بلکہ ان کے معیار اور افادیت کی سخت جانچ بھی کی گئی ہے ۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ طبی برادری کو عوام میں ایسی کسی بھی غلط فہمی کو دور کرنا چاہئیے ۔ انہیں بطور سفیر کام کرنا چاہئیے تا کہ پروگرام کے فوائد کی زیادہ سے زیادہ کوریج کو یقینی بنایا جا سکے ۔ اے سی ایس ہیلتھ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر سب ڈویژنل ہسپتال میں جن اوشدی کیندر دستیاب ہوں اور جن اوشدی اسٹورز کا دوائیوں کی فروخت میں اہم بازاری حصہ داری ہو ۔ انہوں نے چیف میڈیکل آفیسر کو مزید ہدایت دی کہ وہ تمام پی ایچ سیز میں جن اوشدی اسٹورز کے قیام کیلئے ایک منصوبہ تیار کریں جو 24X7 کام کر رہے ہیں ۔ تقریب کے اختتام پر مختلف مستحقین میں جن اوشدی کٹس تقسیم کی گئیں ۔ اے سی ایس کے ساتھ ڈائریکٹر ہیلتھ ، اسٹیٹ ڈرگ کنٹرول آفیسر ، اے ڈی ہیلتھ اور دیگر متعلقین موجود تھے ۔ بعد میں ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائینہ کرتے ہوئے بھاردواج نے مریضوں کی سہولت پر زور دیا اور ہسپتال انتظامیہ کو نمایاں جگہوں پر نشانات دکھانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے نئے جن اوشدی اسٹور کیلئے مجوزہ سائٹ کا بھی معائینہ کیا ۔










