جہلم کنارے ’’اپنے دستکاروں کوجانیں ‘‘کا آغاز، کشمیری ہنرمندوں کو ملی نئی شناخت

مہم کے تحت کاریگروں اور عوام کے درمیان براہِ راست رابطے کا منفرد پلیٹ فارم، سات ممتاز ہنرمندوں کی شرکت

سرینگر/وی او آئی//جہلم کنارے کشمیری ثقافت اور ہنر کا رنگا رنگ امتزاج، جہاں “Know Your Artisan” مہم کے تحت وادی کے گمنام ہنرمندوں کو براہِ راست عوام سے متعارف کرایا گیا۔ محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کشمیر کی اس نئی پہل کا مقصد نہ صرف مقامی دستکاری کو فروغ دینا ہے بلکہ کاریگروں کو براہِ راست مارکیٹ سے جوڑ کر ان کے روزگار کو مستحکم بنانا بھی ہے۔وائس آف انڈیا کے مطابق محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کشمیر نے آج جہلم ریور فرنٹ پر “Know Your Artisan” مہم کا باضابطہ آغاز کیا، جس کا افتتاح کمشنر سیکریٹری صنعت و حرفت جناب وکرم جیت سنگھ نے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کشمیر، مسرت اسلام اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔اس منفرد تقریب کا مقصد کشمیری ہنر کی صدیوں پرانی روایت کو اجاگر کرنا اور کاریگروں کو براہِ راست عوام اور سیاحوں سے جوڑنا ہے۔ محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ “کشمیری ہنر صرف مصنوعات نہیں بلکہ ایک تہذیبی ورثہ ہے جو وادی کی ثقافتی شناخت اور معیشت کا اہم جزو ہے۔”Know Your Artisan” مہم کو “Soulful Kashmir” برانڈ کے تحت متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے سری نگر کے مختلف عوامی مقامات پر کاریگر اپنی مہارت کا مظاہرہ کریں گے، اور صارفین سے براہِ راست رابطہ قائم کر کے آرڈر حاصل کر سکیں گے۔تقریب میں سات ممتاز کاریگروں نے شرکت کی، جن میں شامل تھے۔- مشتاق احمد (پشمینہ بْنائی کے ماہر) – مقبول احمد جان (پیپر ماشی کے ماہر) – فاروق احمد میر (پدم شری ایوارڈ یافتہ، کانی شال بْنائی کے ماہر) – محبوب علی بیگ (سوزنی کڑھائی میں قومی ایوارڈ یافتہ) شاہنواز صوفی (ہینڈ ناٹڈ قالین کے ماہر) – محمد یوسف مورَن (اخروٹ کی لکڑی کی نقش و نگاری کے ماہر) علی محمد گیرو (ختام بندھ کاریگری کے محافظ)،تقریب میں لائیو ڈیمونسٹریشن، کاریگروں سے براہِ راست گفتگو، مصنوعات کی نمائش و فروخت، ثقافتی پروگرام اور برانڈنگ سرگرمیاں شامل تھیں، جنہوں نے ماحول کو ایک تہوار جیسا رنگ دے دیا۔افتتاحی خطاب میں وکرم جیت سنگھ نے کہا، “یہ پہل ہمارے ہنرمندوں کے لیے ایک روشنی کی کرن ہے، جو ان کی آواز اور وڑن کو دنیا تک پہنچاتی ہے۔ ہم نہ صرف اپنے ورثے کو محفوظ کر رہے ہیں بلکہ اسے معاشی خودمختاری کے مستقبل سے جوڑ رہے ہیں۔یہ مہم اگلے دو ماہ تک سری نگر کے مختلف مقامات پر جاری رہے گی، جس کی قیادت محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کشمیر کرے گا، اور مقامی اسٹیک ہولڈرز کے اشتراک سے اس کا نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔