امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے لیے 80کروڑ ڈالر کی نئی فوجی امداد دینے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کانگریس سے یوکرین کی فوج کی مدد کے لیے مزید امداد طلب کریں گے جسے اپنے مشرقی کنارے پر روس کے تازہ حملے کا سامنا ہے۔
مانیٹرنگ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے روزویلٹ روم سے امریکیوں سے خطاب میں جوبائیڈن نے کیف کے لیے اضافی امداد فراہم کرنے کے لیے کانگریس سے مزید فنڈنگ کا مطالبہ کرتے ہوئے بھاری توپیں، درجنوں ہاؤٹزر، اور گولہ بارود کے 14 لاکھ 4 ہزار راؤنڈز کے ساتھ ساتھ ٹیکٹیکل ڈرونز یوکرین بھیجنے کا اعلان کیا۔
جوبائیڈن نے یوکرین کی حکومت کے لیے 50 کروڑ ڈالر کی براہ راست معاشی امداد کا بھی اعلان کیا جوکہ روسی افواج کے محاصرے میں لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے لڑ رہی ہے۔جوبائیڈن نے مشرق کی جانب روس کی حکمت عملی کی تبدیلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ابھی صورتحال نازک مرحلے میں ہے جہاں وہ اس جنگ کے اگلے مرحلے کے لیے میدان تیار کررہا ہے‘۔
امریکا اور اتحادی ممالک یوکرین کو مطلوبہ ساز و سامان اور ہتھیار فراہم کرنے کے لیے ہرممکن تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔
جوبائیڈن نے کہا کہ وہ آئندہ ہفتے کانگریس سے اضافی فنڈنگ کی درخواست کریں گے، مالیت پر ابھی بات ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’اس کا ابھی فیصلہ ہو رہا ہے، میں محکمہ دفاع سے تجویز پیش کرنے کو کہہ رہا ہوں‘ ۔اسپیکر نینسی پیلوسی نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکی ایوان نمائندگان یوکرین کے لیے اضافی امداد پر اگلے ہفتے جلد غور کرے گا۔
یوکرین کی مدد کے لیے ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز کے درمیان بھرپور حمایت حاصل ہے۔
گھوسٹ ڈرونز
پینٹاگون نے کہا ہے کہ ‘یوکرین کے لیے 80 کروڑ ڈالر کے نئے امریکی ہتھیاروں کے پیکج میں شامل ’گھوسٹ ڈرونز‘ امریکی فضائیہ نے کیف کے لیے فوری تیار کیے ہیں اور ان میں مسلح ’سوئچ بلیڈ‘ ڈرون جیسی صلاحیتیں ہیں۔
پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ یہ خاص طور پر یوکرین کی ضروریات کے حساب سے فضائیہ نے فوری تیار کیا ہے۔
پینٹاگون نے کہا کہ نئے پیکیج میں 155 ملی میٹر طویل فاصلے تک مار کرنے والے 75 ہووٹزر، 72 ٹیکٹیکل گاڑیاں اور 100 سے زائد فینکس گھوسٹ ڈرون شامل ہوں گے۔
جوبائیڈن نے ماسکو پر مزید دباؤ بڑھانے کے لیے روس سے وابستہ بحری جہازوں کو امریکی بندرگاہوں پر لنگر انداز ہونے سے روکنے کے منصوبے کا اعلان کیا، انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد روس کو مزید تنہا کرنا ہے۔
جوبائیڈن نے مزید کہا کہ ان کی انتظامیہ یوکرین پر روس کے حملے سے فرار ہونے والے یوکرینی باشندوں کو عارضی طور پر امریکا آنے کی اجازت دے گی اگر ان کے پاس امریکی اسپانسر ہوں۔










