سری نگر، 29 جنوری (یو این آئی) جنوبی ضلع پلوامہ کے ترال میں جمعے کو ہونے والے ایک مسلح تصادم میں سکیورٹی فورسز نے تین جنگجوئوں کو ہلاک کیا ہے۔
جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ترال کے منڈورہ میں جمعے کو سکیورٹی فورسز نے ایک مسلح تصادم کے دوران تین جنگجوئوں کو ہلاک کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہلوک جنگجوئوں کی شناخت معلوم کی جا رہی ہے نیز علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔
تاہم کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے مہلوک جنگجوئوں کی شناخت حزب المجاہدین سے وابستہ عارف بشیر ساکنہ منڈورہ ترال، وارث حسن نائیکو ساکنہ ترال اور سید عاصف الحق ساکنہ نورپورہ ترال کے بطور کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلح تصادم کی جگہ سے ایک اے کے 47، دو پستولیں اور چار گرینیڈ برآمد ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ترال کے منڈورہ میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس، فوج کی 42 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے میں جمعے کے روز کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایک مشتبہ جگہ کو محاصرے میں لینے کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا جس میں تین جنگجو مارے گئے۔