جنوبی کشمیر میں رشوت ستانی کا انکشاف

کوکرناگ میں پٹواری رنگے ہتھوں رشوت لیتے گرفتار

سرینگر/یو این ایس//جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ علاقے میں جمعرات کے روز حکام نے رشوت ستانی کے ایک معاملے میں پٹواری اور چوکیدار کو حراست میں لے لیا۔ یہ کارروائی مرکزی اینٹی کرپشن بیورو (سی اے سی بی) کی جانب سے کی گئی، جہاں فیلڈ چھاپے کے دوران مبینہ طور پر رشوت کی لین دین بے نقاب ہوئی۔یو این ایس کے مطابق حکام کے مطابق یہ کارروائی سی اے سی بی سرینگر کی ٹیم نے انجام دی، جس کی قیادت اے ایس پی مکھن سنگھ کر رہے تھے۔ یہ کارروائی محمد رفیق شیرے ولد لسا شیرے، ساکن صوف شالی، کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت کے بعد عمل میں لائی گئی۔حکام نے بتایا کہ پٹواری خانہ بڈر، کوکرناگ میں چھاپے کے دوران پٹواری منیب فاروق ملا ولد فاروق احمد ملا، ساکن کیموہ کولگام اور موجودہ طور پر پٹواری حلقہ صوف شالی-پنڑگام کے طور پر تعینات، کو شکایت کنندہ سے مبینہ طور پر 15 ہزار روپے رشوت طلب کرتے اور وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔اس کارروائی کے دوران متعلقہ چوکیدار فاروق احمد وانی ولد عبدالغنی، ساکن صوف شالی کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔حکام کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور قانونی تقاضوں کے مطابق آئندہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔