جنوبی کشمیر میں دو مسلح جھڑپیں، 4 جنگجو ہلاک

سری نگر//جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور کولگام اضلاع میں دو شبانہ مسلح جھڑپوں کے دوران چار مقامی جنگجو مارے گئے ہیں۔یہ مسلح جھڑپیں ضلع پلوامہ کے پوچھل اور ضلع کولگام کے زوڈار علاقوں میں رونما ہوئی ہیں۔جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع کولگام کے زوڈار میں ہونے والی ایک مسلح جھڑپ کے دوران لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجو مارے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس جنگجو مخالف آپریشن میں کولگام پولیس اور فوج کی ایک آر آر نے حصہ لیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایسی ہی ایک جھڑپ ضلع پلوامہ کے پوچھل میں رونما ہوئی جس میں دو جنگجو مارے گئے۔اس دوران کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا کہ وادی میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران پانچ جنگجو مارے گئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز ان آپریشن کے لئے مبارکبادی کے مستحق ہیں کیوں کہ ان کے دوران ہمارا یا عوام کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دریں اثنا دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل عمران موسوی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جنوبی کشمیر کے دو اضلاع پلوامہ اور کولگام میں دوران شب تصادم آرائیوں کے دوران چار جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔انہوں نے جھڑپوں کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ جنگجوؤں کے نقل و حمل کی اطلاع موصول ہونے پر فوج کی آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے ضلع کولگام کے زوڈار علاقے میں گذشتہ شب کئی ناکے لگائے۔موصوف ترجمان نے کہا کہ اس دوران رات کے قریب تین بجے ایک ناکے پر ایک سفید رنگ کی ماروتی کار کو رکنے کو کہا گیا لیکن کار میں سوار جنگجوؤں نے سیکورٹی فورسز اہلکاروں پر فائرنگ شروع کی اور متصل ہی واقع ایک جنگل کی طرف بھاگ گئے۔انہوں نے بیان میں کہا کہ سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے علاقے کو فوری طور پر محاصرے میں لیا اور اس دوران طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا جس کے نتیجے میں شاہباز احمد شاہ اور ناصر ایوب پنڈت نامی دو جنگجو مارے گئے۔بیان میں کہا گیا کہ مہلوک جنگجوؤں کی تحویل سے ایک اے کے 47 رائفل، ایک پستول اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔پلوامہ کے پوچھل علاقے میں ہوئے دوسرے تصادم کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے موصوف ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پوچھل پلوامہ میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان رات کے ساڑھے بارہ بجے تصادم چھڑ گیا۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران جنگجوؤں کو سرنڈر کرنے کی اپیل کی گئی لیکن انہوں نے اس کا جواب سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کرنے اور گرینیڈ داغنے سے دیا۔ان کا کہنا تھا کہ طرفین کے درمیان تصادم میں لشکر طیبہ سے تعلق رکھنے والے دو جنگجو مارے گئے جن کی تحویل سے ایک اے کے 47 رائفل، ایک پستول اور کچھ جنگی سامان برآمد کیا گیا۔مہلوک جنگجوؤں کی شناخت کفایت صوفی اور عنایت احمد ڈار ساکن پلوامہ کے بطور ہوئی۔قبل ازیں جموں و کشمیر پولیس نے بدھ کو دعویٰ کیا کہ اس نے معراج الدین حلوائی عرف عبید نامی حزب المجاہدین کے اعلیٰ کمانڈر کو ایک جھڑپ میں ہلاک کیا ہے۔