عوامی حلقوں کا غیر مقدم ،غیر قانونی اثاثوں کی ضبطی کا مطالبہ
سرینگر// یو این ایس / بد عنوانی ،رشوت ستانی ،آمدنی سے زائد اثاثوں اور غیر قانونی تقرریوں کے خلاف انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی) کی جاری کارروائیوں اور فعال اقدامات پر عوامی حلقوں نے اطمینان کا ظہار کرتے ہوئے ایسے رشوت خور وں کی غیر قانونی جائیدادوں کو ضبط کرنے کی مانگ دہرائی ہے۔ شوپیان میں محکمہ مال کے پٹواری کی گرفتاری کے بعد اننت ناگ میں محکمہ دیہی ترقی کے ملازم کی رنگے ہاتھوں گرفتاری پرجنوبی کشمیر کے رہائشیوں نے شوپیان اوراننت ناگ میں بدعنوانی کے خلاف کریک ڈاو ¿ن کرنے کے لیے انسداد بدعنوانی بیورو (ACB) کی کوششوں کی تعریف کی ہے۔ لوگ اے سی بی کے ہاتھوں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے اہلکاروں کے معاملات کی اعلیٰ سطحی جانچ اور ان کی جائیدادوں اور ان کے قریبی رشتہ داروںکے غیر قانونی اثاثوں کی مکمل جانچ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔گذشتہ ہفتہ شوپیان میںبدنام زمانہ پٹواری عاشق حسین شاہ کی گرفتاری سمیت اے سی بی کی حالیہ کارروائیوں کا عوام نے خیر مقدم کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ کرپٹ اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔محمد اقبال نامی ایک مقامی رہائشی نے کہا، “ہم اپنے علاقے میں بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ACB کی کوششوں کو سراہتے ہیںاورہم ان کرپٹ اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کی غیر قانونی جائیدادوں کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان کی ناجائز دولت کوضبط کیا جائے‘‘۔شوپیان کے شاہد احمد ایک نوجوان نے کہا ’’پٹواری عاشق حسین شاہ کے خلاف الزامات کی ایک لمبی لسٹ ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ مذکورہ ملازم نہ صرف رشوت خوری کا ایک بڑا ڈان بنا ہوا تھا بلکہ اس نے اپنے ساتھ کئی ایجنٹ بھی رکھے تھے ‘‘۔ارشاد احمد نامی ایک شہری نے بتایا ’’ شوپیان میںاے سی بی کی کارروائی اہم کامیابی مانی جارہی ہے کیونکہ رشوت خور مگر مچھ کئی برسوں بعد جال میں پھنسا ہے جو پٹوار ایسوسی ایشن کا ضلع صدر بن کر غیر قانونی کام انجام دیتا تھا‘‘۔ لوگوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف اے سی بی کی مہم نے جرایم پیشہ افراد کو ایک مضبوط پیغام بھیجا ہے اورعوام کو امید ہے کہ اے سی بی نظام کو لوٹنے والوں کو بے نقاب کرنے اور سزا دینے کے لیے انتھک محنت کرتا رہے گا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 20دسمبر کو اے سی بی کی ایک متحرک ٹیم نے پٹوار حلقہ پنجورشوپیاںکے پٹواری عاشق حسین شاہ ولد حلام حسن شاہ ساکن ترکہ وانگام شوپیان کو 25000 روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا اور اس کے خلافP/C ایکٹ 1988 کے تحت مقدمہ FIR نمبر 05/2025 7 کے تحت کیس درج کیا گیا اور تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔بعد ازاں ایگزیکٹو مجسٹریٹ اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں ملزم پٹواری کے رہائشی مکان کی تلاشی لی گئی۔ اے سی بی نے اب تحققات کا دائرہ وسیع کردیا ہے تاکہ مذکورہ پٹواری کی آمدانی سے زائد اثاثوں اور اس کے قریبی رشتہ داروں کی غیر قانونی جائیداد کا پتہ لگایا جائے۔










