کشتواڑ//جنرل اوبزرور مورتی سیلوم اسمبلی حلقہ 49 ۔کشتواڑ اور اسمبلی حلقہ 50 پڈر۔ ناگسینی نے آج یہاں ایک میٹنگ میں دونوں حلقوں میں اسمبلی انتخابات کے پُرامن اِنعقاد کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دی جس میں زونل اور سیکٹورل مجسٹریٹوں کے علاوہ پولیس افسران نے شرکت کی۔ضلع میں عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں کل 18 ؍ستمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔اِس موقعہ پر ضلع چنائو آفیسر راجیش کمار شاون اور ایس ایس پی عبدالقیوم، آر اوز کے علاوہ سول اور پولیس اِنتظامیہ کے دیگر متعلقہ اَفسران بھی موجود تھے۔اوبزرور نے نامزد مجسٹریٹوں کے اہم رول کو پولنگ پارٹیوں اور ریٹرننگ آفیسر (آر او) اور ڈِی اِی او کے درمیان اہم ربط کے طور پر زور دیا۔اُنہوںنے اپنی ذمہ داریوں کا خاکہ پیش کیاجن میں پولنگ سینٹروںسے پولنگ سٹیشنوں تک پولنگ پارٹیوں کی مومنٹ کی نگرانی کرنا، پولنگ ٹیموں کی محفوظ آمد کو یقینی بنانا، پولنگ کے دِن کی سرگرمیوں کی رپورٹنگ کرنا، فرضی اِنتخابات کی نگرانی کرنا اور ضرورت پڑنے پر ریزرو اِی وِی ایم کی تعیناتی کا اِنتظام کرنا شامل ہے۔ان کے مخصوص رول اور ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیلی ہدایات دی گئیں۔ جن اہم نکات کا احاطہ کیا گیا ان میں اِنتخابات کے دن کے پروٹوکول، رہنما خطوط کے مطابق ماک پول، پولنگ کا آغاز اور الیکشن کمیشن آف اِنڈیا (اِی سی آئی) کی ہدایات پر سختی سے عمل کرنا شامل ہیں۔ضلع چنائو آفیسر نے افسران کو پولنگ کے عمل کی باریک بینی سے نگرانی کرنے بالخصوص متعدد چیک اینڈ بیلنس جیسے اِی وِی ایم اور وِی وِی پی اے ٹی ٹیسٹنگ اور کسی بھی مسائل کی فوری طور پر اطلا ع دینے کی یاد دہانی کی۔سیکٹر مجسٹریٹوں کو اس بات کو یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی کہ کسی بھی پولنگ پارٹی کو تاخیر نہ ہو اور تمام مواد کو صحیح طریقے سے جمع اور حساب و کتاب کیا جائے۔سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) عبدالقیوم اورایس ایس پی (سیکورٹی) گورو سکروار نے بھی اجتماع سے خطاب کیا اور زونوں اور سیکٹروں میں پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی تفصیلات پیش کیں۔ اُنہوں نے اِنتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لئے سول اور پولیس افسران کے مابین تعاون پر زور دیا اور اِنتخابی عمل کے تحفظ کے لئے سیکورٹی پروٹوکول پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
