پونچھ//جنرل الیکشن اوبزرور سولائی بھارتی داسن نے 88۔سرنکوٹ اور 89۔حویلی اسمبلی حلقوں کے لئے ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر ( ڈِی اِی او) وِکاس کنڈل کے ساتھ مل کر آئندہ اسمبلی اِنتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے سرنکوٹ اور حویلی دونوں اسمبلی حلقوں میں سٹرانگ روموں اور الیکشن سیلوں کا وسیع پیمانے پر معائینہ کیا۔ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسروِکاس کنڈل نے دورے کے دوران اوبزرور کو تفصیلی جانکاری فراہم کی جس میں کامیاب اِنتخابات کے لئے تمام ضروری پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا۔ اوبزرورنے ایک اچھی طرح سے منظم انتخابی انتظام کے منصوبے کی اہمیت پر زور دیا جس میںالیکشن کمیشن آف اِنڈیا ( اِی سی آئی) کی طرف سے لازمی قرار دئیے گئے تمام پولنگ سٹیشنوں پر کم سے کم سہولیات فراہم کرنا شامل ہے ۔ بوتھ لیول کاؤنٹروں سے ووٹروں کو مؤثر سہولیت فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔اُنہوں نے سڑکوں تک رسائی، پانی، ریمپ، بجلی کی فراہمی اور سیکورٹی اِنتظامات سمیت اہم سہولیات کا معائینہ کیا۔ ووٹنگ کے عمل کو آسانی سے چلانے کے لئے اہم پولنگ سٹیشنوں کو آراستہ کرنے کیلئے خصوصی توجہ دی گئی۔ اوبزرور نے ڈِسٹرکٹ الیکشن آفس میںرائونڈ دی کلاک قائم انٹگریٹیڈالیکشن کنٹرول روم، میڈیا سرٹیفکیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی (ایم سی ایم سی) اور میڈیا سیل کا بھی دورہ کیا جو اِنتخابی عمل کے مختلف پہلوؤں کومنظم کرنے اور رائے دہندگان کو متعلقہ معلومات فراہم کرنے کے لئے چوبیس گھنٹے کام کرتا ہے۔اِس سے قبل سرنکوٹ اور حویلی (پونچھ) اسمبلی حلقوں کے ریٹرننگ افسروں (آر او) اور دیگر الیکشن افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد ہوئی جہا ں اوبزرور نے الیکشن کمیشن کی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے اور اِنتخابی پروٹوکول پر احتیاط سے عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر پونچھ وِکاس کنڈل نے انکشاف کیا کہ ڈِسٹرکٹ الیکشن اتھارٹی نے اِنتخابی عمل کو آسان بنانے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کی ہیں۔ اُنہوں نے کئی خصوصی پنک اور گرین پولنگ سٹیشنوں کے قیام کا اعلان کیا اور اِس بات کی تصدیق کی کہ سرنکوٹ حلقہ میں 151 اور حویلی میں 190 پولنگ سٹیشنوں کے لئے پریذائیڈنگ افسران اور مائیکرو اوبزرور سمیت مطلوبہ اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ سرنکوٹ اسمبلی حلقہ میں کُل113,572 رائے دہندگان رجسٹرڈ ہیں جن میں 58,510مرد اور 55,062 خواتین ووٹرز شامل ہیں جبکہ حویلی اسمبلی حلقے میں 129,122 رائے دہندگان رجسٹرڈ ہیں جن میں65,943 مرد اور63,179 خواتین رائے دہندگان شامل ہیں۔










