17کیسوں میں انتہائی مطلوب بدنام زمانہ مجرم گرفتار
سرینگر // جموں کے سانبہ ضلع میں پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے 17کیسوں میں انتہائی مطلوب بدنام زمانہ مجرم کی گرفتاری عمل میں لائی ہے ۔ سی این آئی کے مطابق پولیس نے جموں کے سانبہ ضلع میں ایک مجرم جو قتل کی کوشش اور منشیات فروشی سمیت ایک درجن سے زیادہ مقدمات میں مطلوب تھا کی گرفتاری عمل میںلائی ہے ۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ کپل شرما عرف جمی جو جموں کے رہنے والے ہیں،کو باری برہمنہ پولیس اسٹیشن سے حال ہی میں بیر پور میں غیر قانونی طور پر چلائے جانے والے منشیات سے چھٹکارا مرکز کا پردہ فاش کرنے کے بعد درج کیے گئے ایک مقدمے کی تحقیقات کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ باری برہمن پولیس اسٹیشن نے ایک شکایت کی بنیاد پر یہ مقدمہ درج کیا تھا جس میں فرضی طور پر چلائے جانے والے منشیات کی لت سے چھٹکارا مرکز میں مسلسل تشدد، غیر قانونی قید اور دھوکہ دہی کا الزام لگایا گیا تھا۔ترجمان نے کہا کہ تشدد کے 15 متاثرین کو مرکز سے بچایا گیا اور ان کے خاندانوں کے ساتھ دوبارہ ملایا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ شرما، جو اس کیس میں مرکزی ملزم کے طور پر سامنے آیا تھا، اپنی گرفتاری سے بچ گیا اور مفرور تھا۔ترجمان نے کہا کہ پولیس نے مسلسل کوششوں کے بعد بالآخر ملزم کو گرفتار کر لیا۔انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس کے خلاف گزشتہ کئی سالوں میں سانبہ اور جموں اضلاع کے مختلف تھانوں میں قتل کی کوشش، منشیات کی فروخت اور غیر قانونی طور پر ہتھیار رکھنے جیسے گھناؤنے جرائم سے متعلق کل 17 ایف آئی آر درج ہیں۔










