10موبائل فون ضبط ،15دنوں میں 17موبائل برآمد
جموں//جموں کے کوٹ بلوال جیل میں جموں و کشمیر پولیس کی سی آئی ڈی برانچ کی جانب سے چھاپہ ماراورتلاشی کارروائی کے دوران10موبائل فون ضبط کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔ کشمیرنیوزسروس کوملی تفصیلات مطابق پولیس کی سی آئی ڈی ونگ کی ایک ٹیم نے سی آرپی ایف اہلکاروںکے اشتراک سے ایک خفیہ جانکاری موصول ہونے کے بعد کوٹ بلوال جیل میں چھاپے کے دوران زیر حراست جنگجوئوں اوردیگرنظربندوںکی جانب سے استعمال کئے جا رہے10 موبائل فونز ضبط کئے ہیں۔ تاہم اس سلسلہ میں مزید تحقیقات عمل میں لائی جارہی ہیں۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ یہ گزشتہ پندرہ دنوںمیں اس جیل میں روبہ عمل لائی گئی دوسری تلاشی کارروائی ہے جبکہ اس سے پہلے یہاں ایک کارروائی کے دوران 7موبائل فون قیدیوں سے ضبط کئے گئے تھے ،اوراس طرح سے پچھلے 15دنوں کے دوران کورٹ بلوال جیل سے 17موبائل فون برآمد کرکے ضبط کئے گئے ہیں ۔سیکورٹی ایجنسیوں کیلئے سخت سیکورٹی والی کورٹ بلوال جیل میں مذکورہ نوعیت کی مصنوعات کی رسائی پریشان کن ہے۔ سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلہ میں مزید تحقیقات عمل میں لائی جارہی ہے۔موبائل فونزکی ضبطی کوایک حساس معاملہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام نے کہاہے کہ یہ جیلوں کی سیکورٹی کے اعتبارسے ایک تشوشناک معاملہ ہے۔انہوںنے کہاکہ اس معاملے کی بڑے پیمانے پرتحقیقات شروع کردی گئی ہے کہ آخر کورٹ بلوال جیسے سخت سیکورٹی والے جیل میں مقید نظر بندوں اورقیدیوں تک موبائل فون کیسے پہنچائے جارہے ہیں ۔سیکورٹی حکام اس بات کاسراغ لگانے میں جٹ گئے ہیں کہ جیل کے اندرموبائل فون پہنچانے میںکون سے ہاتھ کارفرمااورکون سے لوگ ملوث ہیں ۔انہوںنے مزیدکہاکہ ہم اسبات کی چھان بین بھی کررہے ہیں کہ ضبط شدہ موبائل فون کون سے زیرحراست جنگجوئوںاوردوسرے قیدیوں کے زیراستعمال رہے ہیں ۔










