احمد آباد میں عمر عبداللہ کی جانب سے مہاتما گاندھی کو خراجِ عقیدت
سرینگر//جموں و کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کے روز احمد آباد میں واقع سبھرمتی آشرم کا دورہ کیا اور ملک کے بانی مہاتما گاندھی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے گاندھی جی کے مجسمے پر کھادی کا ہار چڑھایا اور روایتی چرخے کا استعمال کر کے ان کے فلسفے سے عملی وابستگی کا اظہار کیا۔وائس آف انڈیا کے مطابق عمر عبداللہ نے ایک سوشل میڈیا پیغام میں لکھا: “احمد آباد کا میرا دورہ مکمل ہوا۔ خود کوخوش قسمت محسوس کر رہا ہوں کہ مجھے مہاتما گاندھی کے سبھرمتی آشرم کی سیر کرائی گئی۔ ان کی تعلیمات آج بھی درست ہیں اور ہمیں وہ راہ دکھاتی ہیں جو ہمیں اختیار کرنی چاہیے، لیکن افسوس کہ ہم شاذ و نادر ہی اس پر عمل کرتے ہیں۔انہوں نے ایک اور پیغام میں گاندھی جی کا اقتباس بھی شیئر کیا: “سچی جمہوریت بیس افراد کے مرکز میں بیٹھنے سے نہیں چلائی جا سکتی۔ اسے ہر گاؤں کے عوام سے نیچے سے اوپر کی طرف چلایا جانا چاہیے۔سبھرمتی آشرم، جو کہ گاندھی آشرم کے نام سے بھی معروف ہے، 1917 میں مہاتما گاندھی نے احمد آباد میں قائم کیا تھا۔وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ بدھ کے روز سے سیاحت کے ایک پروگرام کے سلسلے میں گجرات کے دورے پر ہیں۔ جمعرات کو انہوں نے نرمدا ضلع میں واقع اسٹاچیو آف یونٹی اور سردار سروور ڈیم کا دورہ کیا، اور جموں و کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ٹور آپریٹرز سے تبادلہ خیال بھی کیا۔وزیرِ اعظم نریندر مودی نے عمر عبداللہ کے گجرات دورے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اسٹاچیو آف یونٹی کا دورہ دیگر بھارتیوں کو ملک کے مختلف علاقوں کی سیر کرنے کی ترغیب دے گا۔مودی نے اپنے پیغام میں کہا: “کشمیر سے کیوڑیا تک! عمر عبداللہ جی کو سبھرمتی ریور فرنٹ پر چہل قدمی کرتے اور اسٹاچیو آف یونٹی کا دورہ کرتے دیکھ کر خوشی ہوئی۔ ان کا یہ دورہ اتحاد کا اہم پیغام دیتا ہے اور شہریوں کو ملک کے مختلف حصوں کی سیاحت کے لیے متاثر کرے گا۔










