جموں کشمیر میں مسلسل بارشوں کے بعد پیدا شدہ سیلابی صورتحال

جموں کشمیر میں مسلسل بارشوں کے بعد پیدا شدہ سیلابی صورتحال

وادی میں دوسرے روز بھی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ، جموں میں ایک ہفتے سے اسکول بند

سرینگر / سی این آئی // جموں کشمیر میں مسلسل بارشوں کے بعد پیدا شدہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر وادی کشمیر میں دوسرے روز بھی تعلیمی سرگرمیاں متاثر رہی جبکہ امتحانات بھی ملتوی کر دئے گئے ۔ ادھر جموں میں گزشتہ ہفتے سے مسلسل اسکول بند رہنے سے درس و تدریس کا عمل معطل ہے ۔ سی این آئی کے مطابق میں گزشتہ دو دنوں سے جاری شدید بارش کے بعد سیلاب جیسی صورتحال کے پیش نظر جمعرات کو دوسرے دن بھی کشمیر میں تعلیمی ادارے بند رہے۔ایک سرکاری ترجمان نے کہا کہ موسمی حالات کے پیش نظر اور احتیاطی تدابیر کے طور پر، ڈویڑنل کمشنر کشمیر، انشول گرگ نے جمعرات، 4 ستمبر، 2025 کو کشمیر بھر میں اسکول، کالج، یونیورسٹیاں اور کوچنگ سینٹر سمیت تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا حکم دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں مسلسل بارشوں کے باعث بدھ کو بھی تعلیمی ادارے بند رہے جس سے سیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔جہاں جمعرات کی صبح سے جہلم اور اس کی معاون ندیوں میں پانی کی سطح کم ہونا شروع ہو گئی ہے، وہیں اننت ناگ، بڈگام، کولگام، پلوامہ اور شوپیاں اضلاع کے کچھ علاقے کچھ مقامات پر پانی کے پھیلنے سے متاثر ہوئے ہیں۔ ادھر جموں صوبے میں بھی گزشتہ ایک ہفتے سے اسکول بند پڑے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں تعلیمی سرگرمیاں لگاتار معطل ہے جبکہ بورڈ آف اسکول ایجوکیشن اور یونیورسٹیوں کی جانب سے بھی امتحانات کو ملتوی کردیا گیا تھا ۔