جموں//یومِ جمہوریہ کی تقریبات جموں ڈویژن بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ منائی گئی ۔ تقریبات میں دستوں کی مارچ پاسٹ ، بینڈ کی کارکردگیاں اور قومی اتحاد اور علاقائی تنوع کو اجاگر کرنے والے شاندار ثقافتی پروگرام شامل تھے ۔ جموں علاقے بھر میں تقریبات پرامن اور کامیابی سے منعقد ہوئیں ، جو متعلقہ انتظامیہ کی بہترین تیاریوں کی عکاسی کرتی ہیں ۔
ڈوڈہ میں ۔ 77 واں یوم جمہوریہ سپورٹس اسٹیڈیم میں جوش و جذبہ اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ ضلعی ترقیاتی کونسل ( ڈی ڈی سی ) کے چئیر مین دھنتر سنگھ کوتوال نے بطور مہمان خصوصی قومی پرچم لہرایا جبکہ طلبہ نے قومی ترانہ خوبصورت انداز میں پڑھا ۔ بڑی تعداد میں عوام نے ان شاندار تقریبات کا مشاہدہ کیا ۔ مہمانِ خصوصی نے پریڈ کا معائینہ کیا اور سی آر پی ایف ، ایس ایس بی ، جموں و کشمیر آرمڈ پولیس ، جموں و کشمیر پولیس ، جموں و کشمیر فرسٹ ویمن بٹالین ، فاریسٹ پروٹیکشن فورس ، ہوم گارڈز ، این سی سی سینئر اور جونئیر ڈویژن ، گورنمنٹ ڈگری کالج ، گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول بوائیز اور مختلف سرکاری و نجی سکولوں کے طلبہ کے دستوں کی طرف سے پیش کی گئی مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ یہ شاندار پریڈ نظم و ضبط ، لگن اور قوم کیلئے اجتماعی عزم کی عکاسی کر رہی تھی ۔ اس تقریب میں ڈی ڈی سی کی نائب چئیر پرسن سنگیتا رانی ، ڈپٹی کمشنر ، ایس ایس پی ، اے ڈی سی ، سی پی او ، ضلعی افسران ، مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے اور متعدد معزز شخصیات نے شرکت کی ۔ اپنے خطاب میں دھنتر سنگھ کوتوال نے 77 ویں یومِ جمہوریہ کے مبارک موقع پر عوام کو گرمجوشی سے سلام پیش کیا ۔ انہوں نے ان بہادر سپاہیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی خدمت میں اپنی جانیں قربان کیں اور بھدرواہ میں پیش آنے والے افسوس ناک حادثے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے فوجی اہلکاروں کو بھی یاد کیا ۔
بھدرواہ میں ۔ 77 ویں یومِ جمہوریہ بھدرواہ میں نئے بس اسٹینڈ پر جوش و جذبہ اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ یہ تقریب ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( اے ڈی سی ) بھدرواہ کی صدارت میں منعقد ہوئی جنہوں نے قومی پرچم لہرایا اور ایک شاندار مارچ پاسٹ کے دوران سلامی لی ۔ مارچ پاسٹ میں جے اینڈ کے آرمڈ پولیس ، این سی سی سینئر ڈویژن ، گورنمنٹ ڈگری کالج ( جی ڈی سی ) بھدرواہ ، این سی سی جونئیر ڈویژن ( لڑکے اور لڑکیاں ) ہائیر سکینڈری سکول بھدرواہ کے دستوں کے علاوہ مختلف سرکاری اور نجی سکولوں کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی ۔ پروگرام میں اے ایس پی بھدرواہ ، سی ای او بی ڈی اے ، ڈی ایف او بھدرواہ ، تحصیلدار بھدرواہ ، بی ایم او بھدرواہ ، ای او ایم سی بی ، نائب تحصیلدار بھدرواہ ، بزرگ شہری اور تمام سب ڈویژنوں سے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی ۔
اودھمپور میں ۔ ضلعی ترقیاتی کونسل کے چئیر پرسن اودھمپور لال چند نے آج گورنمنٹ پی جی ڈگری کالج بوائیز اودھمپور میں قومی پرچم لہرایا اور 31 دستوں پر مشتمل ایک شاندار مارچ پاسٹ میں سلامی لی جو ضلعی پولیس ، ایس کے پی اے ، والیٹیر ہوم گارڈز ، این سی سی اور پولیس بینڈ سے تعلق رکھتے تھے ۔ ڈی آئی جی اودھمپور ، ریاسی رینج ، ڈپٹی کمشنر اودھمپور ، ایس ایس پی اے ڈی ڈی سی ، ڈی ڈی سی ممبران ، اے ڈی سی ، ضلعی انتظامیہ ، پولیس ، آرمی ، بی ایس ایف ، سی آر پی ایف ، ائیر فورس کے سینئر افسران اور ضلع کے نمایاں شہریوں نے موقع پر شرکت کی ۔ بڑی تعداد میں جمع ہونے والے عوام سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی سی چئیر پرسن نے کہا کہ آزاد ہندوستان کا آئین 26 جنوری 1950 کو نافذ کیا گیا تھا ، جس نے ہر شہری کو بنیادی حقوق فراہم کئے ۔ انہوں نے کہا کہ یومِ جمہوریہ ایک یاد گار موقع ہے جس پر آئین کی منظوری کو یاد کیا جاتا ہے اور آزادی کیلئے جدو جہد کرنے والے مجاہدین آزادی کی قربانیوں اور جدو جہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے جنہوں نے قوم کو آزادی دلائی ۔ اس موقع پر ایک شاندار ثقافتی پروگرام پیش کیا گیا جس میں وطن پرستی ، امیر ورثہ اور تھیم پر مبنی سکیٹس کا مظاہرہ طلبہ اور فنکاروں نے کیا جس نے ناظرین کو محسور کیا ۔
رام نگر میں یومِ جمہوریہ کی تقریب گورنمنٹ ماڈل ہائیر سکینڈری سکول میں منعقد کی گئی جہاں ایس ڈی ایم رام نگر نے قومی پرچم لہرایا ۔ اسی طرح ضلع اودھمپور بھر میں تحصیل ، سب ڈویژنل اور نیابت سطح پر یومِ جمہوریہ کی تقاریب جوش و جذبے اور وطن پرستی کے جذبے کے ساتھ منعقد کی گئیں ۔
رام بن میں ۔ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ( ڈی ڈی سی ) کی چئیر پرسن ڈاکٹر شمشاد شان نے ڈسٹرکٹ پولیس لائینز میں قومی پرچم لہرایا ۔ چئیر پرسن نے جے اینڈ کے پولیس ، سی آر پی ایف ، آئی آر پی ، فاریسٹ پروٹیکشن فورس ، ہوم گارڈز ، این سی سی اور مقامی سکولوں کے طلبہ پر مشتمل 23 دستوں کے پریڈ کا معائینہ کیا اور سلامی لی ۔ اس تقریب میں ایم ایل اے رام بن ارجن سنگھ راجو ، ڈی آئی جی ڈی کے آر رینج ، ڈپٹی کمشنر ، ایس ایس پی، ایس ایس پی ٹریفک ، اے ڈی سی ، کمانڈنٹ سی آر پی ایف ، ڈی ڈی سی کونسلرز ، سول انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسران ، نمایاں شہری ، مقامی لوگ اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ نے شرکت کی ۔ اجتماع کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے چئیر پرسن نے ضلع میں حاصل کردہ اہم ترقیاتی سنگ میلز پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے ناشری اور نبانہار کے درمیان اہم ٹنلز اور وائڈ کٹس کی تکمیل کے بعد این ایچ 44 پر سفر کی سہولت پر زور دیا ۔ مزید براں انہوں نے یو ایس بی آر ایل پروجیکٹ کے تحت کٹڑہ ۔ بانہال ریل سیکشن کے آغاز پر لوگوں کو مبارکباد دی ۔
ضلع کشتواڑ میں ۔ 77 واں یومِ جمہوریہ 2026 بڑے جوش و خروش ، ولولہ اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کی چئیر پرسن پوجا ٹھاکر نے مرکزی تقریب میں منی سیکرٹریٹ نئی ڈی سی آفس کمپلیکس میں قومی پرچم لہرایا ، پریڈ کا معائینہ کیا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ جے کے پولیس ، آئی آر پی ، سی آر پی ایف ، سی آئی ایس ایف ، فاریسٹ پروٹیکشن فورس ، ہوم گارڈز ، جی ڈی سی کی لڑکیوں اور لڑکوں کی این سی سی بٹالینز کے دستے اور مختلف سکولوں کے بچوں نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا ۔ قومی پرچم ضلعی عدالت کمپلیکس ، پولیس لائینز ، سب ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ، تحصیل اور بلاک ہیڈ کوارٹرز کے ساتھ ساتھ تمام سرکاری دفاتر ، کالجوں اور تعلیمی اداروں میں بھی لہرایا گیا ۔ ڈی ڈی سی نائب چئیر پرسن سائما پرویز لون ، ڈی ڈی سی ممبر پلمار طاہر مسعود ، ڈپٹی کمشنر ، ایس ایس پی ، اے ڈی سی ، پی او آئی سی ڈی ایس ، سول انتظامیہ ، پولیس ، فوج ، سی آئی ایس ایف ، سی آر پی ایف کے دیگر سینئر افسران اور معاشرے کے نمایاں افراد بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ تقریب میں طلبہ کی طرف سے دلکش ثقافتی پرفارمنس بھی پیش کی گئیں جن میں ایس او پیز کی پابندی کرتے ہوئے قوم پرستی اور حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کیا گیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی سی چئیر پرسن نے تمام شہریوں کو دل کی گہرائیوں سے یومِ جمہوریہ کی مبارکباد دی ۔ انہوں نے شہداء ، آزادی کے مجاہدین ، سیکورٹی فورسز ، پولیس اہلکاروں اور ان شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کیلئے اپنی جانیں قربان کیں اور کہا کہ ان کی بہادری اور قربانیاں ہمیشہ گہرے احترام کے ساتھ یاد کی جائیں گی ۔
سانبہ میں ۔ ضلعی انتظامیہ سانبہ نے رانی سچیت سنگھ سپورٹس اسٹیڈیم میں 77 ویں یومِ جمہوریہ کو جوش و خروش ، حب الوطنی کے جذبے اور قومی فخر کے ساتھ منایا ۔ ضلعی ترقیاتی کونسل ( ڈی ڈی سی ) کے چئیر مین کشور دت شرما نے قومی پرچم لہرایا اور سیکورٹی فورسز ، پولیس ، این سی سی کیڈٹس ، سابق فوجیوں اور طلبہ کے شاندار مارچ پاسٹ پر سلامی لی ، جو اتحاد ، نظم و ضبط اور ملک کیلئے ناقابلِ تسخیر عزم کی علامت تھا ۔ تقریب کو طلبہ کی طرف سے پیش کئے گئے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام نے مزید خوبصورت بنا دیا ۔ جس میں ضلع سانبہ کے مختلف سکولوں کے طلبہ نے بھارت کی امیر ثقافتی وراثت کو پیش کیا ۔ اس عظیم تقریب میں رام گڑھ کے ایم ایل اے ڈاکٹر دویندر کمار منیال ، ڈپٹی کمشنر ، ایس ایس پی ، اے ڈی سی سمیت دیگر افسران ، مقامی شخصیات ، ریٹائیرڈ فوجی اہلکار ، طلبہ اور ضلع بھر سے شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔
راجوری میں ۔ ضلع راجوری میں 77 ویں یوم جمہوریہ کو جوش و خروش اور گہرے حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔ تقریبات ضلع ہیڈ کوارٹرز ، سب ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ، تحصیل ہیڈ کوارٹرز اور پنچائتوں میں منعقد ہوئیں ۔ مرکزی تقریب یہاں ڈی پی ایل گراؤنڈ پر ہوئی جہاں ضلعی ترقیاتی کونسل کے چئیر مین ایڈووکیٹ چوہدری نسیم لیاقت نے قومی پرچم لہرایا اور شاندار مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ پریڈ میں جے کے اے پی ، جے کے ایگزیکٹو پولیس ، جے کے پولیس بینڈ ، سی آر پی ایف ، جے کے ایف پی ایف ، ایس پی اوز ، این سی سی سینئر لڑکوں ، لڑکیوں اور مختلف سکولوں کے طلبہ کے دستے شامل تھے ۔ تھنہ منڈی کے ایم ایل اے مظفر خان بھی تقریب میں شریک ہوئے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ، ڈی آئی جی راجوری ۔ پونچھ رینج ، ایس ایس پی ، اے ڈی ڈی سی ، اے ڈی سی ، پی او آئی سی ڈی ، اے سی آر ، پرنسپل جی ایم سی ، مختلف محکموں کے ضلعی سربراہان ، نمایاں شہری اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی ۔
ریاسی میں ۔ 77 واں یومِ جمہوریہ یہاں جنرل زوراور سنگھ سپورٹس اسٹیڈیم میں جوش و جذبے اور حب الوطنی کے ساتھ منایا گیا ۔ ضلعی سطح کی اس تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جن میں افسران ، عہدیداران ، طلبہ اور شہری شامل تھے ۔ ریاسی کے ایم ایل اے کلدیپ راج دوبے ، کٹڑہ کے ایم ایل اے بلدیو راج شرما ، ڈپٹی کمشنر ، ایڈیشنل ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، ایس ایس پی ، چیف پلاننگ آفیسر اور دیگر ضلعی افسران نے بھی اس تقریب میں شرکت کی ۔ ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے چئیر مین صراف سنگھ ناگ نے قومی پرچم لہرایا اور 21 دستوں پر مشتمل ایک شاندار مارچ پاسٹ پر سلامی لی ، جو جے کے اے پی ، جے کے پی ، ہوم گارڈز ، ایس ٹی سی تلواڑہ ، این سی سی لڑکوں اور لڑکیوں اور ضلع کے مختلف سکولوں سے تعلق رکھتے تھے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی ڈی سی چئیر مین نے آزادی کے مجاہدین اور ہندوستانی آئین کے معماروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے یومِ جمہوریہ کو بھارت کے جمہوری اقدار ، اتحاد اور جمہوری اصولوں کی علامت قرار دیا اور شہریوں بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ان اقدار کو برقرار رکھیں اور قوم کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کریں ۔










