جموں/آئی اے این ایس//چیف منسٹرعمر عبداللہ نے جموں وکشمیر کرکٹ ٹیم کو تاریخ سازکامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم نے پہلی مرتبہ رانجی ٹرافی کے فائنل میں پہنچ کر پورے خطے کا نام روشن کردیا ہے۔ یہ کامیابی ٹیم کی سخت محنت، نظم و ضبط اور کھیلوں کے فروغ کی علامت ہے۔ جموں و کشمیر نے سیمی فائنل میں بنگال کرکٹ ٹیم کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ چوتھے دن کھیلے گئے مقابلے میں سیم بولنگ آل راؤنڈر عاقب نبی نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سنیل کمار نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ بنگال کی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 99 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ 126 رنزکے ہدف کے تعاقب میں جموں وکشمیر نے 34.4 اوورز میں کامیابی حاصل کی، جہاں ونشج شرما نے ناقابلِ شکست 43 اور عبدالصمد نے 30 رنز بنا کر ٹیم کو یادگار فتح دلائی۔چیف منسٹرعمر عبداللہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ کامیابی پوری ٹیم اور معاون عملے کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہرکی کہ جلد ہی جموں و کشمیر کے کھلاڑی قومی ٹیم میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بھی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ علاوہ ازیں جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے کھیل کی تاریخ میں سنہری باب رقم کیا ہے اور پورے علاقے کو ان پر فخر ہے۔ اس کے علاوہ کپتان پرس ڈوگراکو رانجی ٹرافی میں 10 ہزار سے زائد رنز بنانے پر خصوصی مبارکباد دی گئی، جبکہ عاقب نبی نے سیمی فائنل میں مجموعی طور پر نو وکٹیں لے کر اس سیزن میں 16 اننگز میں 55 وکٹوں کا سنگ میل عبورکیا۔ ماہرین کے مطابق جموں و کشمیر کی یہ تاریخی کامیابی خطے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کے حوصلے میں اضافے کا سبب بنے گی۔ اب سب کی نظریں فائنل مقابلے پر مرکوز ہیں۔










