جموں و کشمیر میں 77 ہزار سے زائد اسامیاں خالی

جموں و کشمیر میں 77 ہزار سے زائد اسامیاں خالی

مرحلہ وار پْر کرنے کا عمل جاری، تقرریوں میں شفافیت اور رفتار ہوگی// حکومت

سرینگر// یو این ایس// جموں و کشمیر حکومت نے بدھ کو قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیا کہ یونین ٹیریٹری کے مختلف محکموں میں مجموعی طور پر 77,099 اسامیاں خالی ہیں، جن میں براہِ راست بھرتی (ڈائریکٹ کوٹہ) اور ترقیاتی کوٹہ (پروموشن کوٹہ) دونوں شامل ہیں۔ حکومت نے یقین دہانی کرائی کہ ان اسامیوں کو مقررہ مدت کے اندر پْر کرنے کا عمل جاری ہے۔یو این ایس کے مطابق یہ تفصیلات وزیرِ موصوف نے ایم ایل اے عرفان حفیظ لون کی جانب سے محکمہ وار خالی اسامیوں اور انہیں وقت مقررہ میں پْر کرنے کے اقدامات سے متعلق سوال کے جواب میں پیش کیں۔ بتایا گیا کہ خالی آسامیوں میں وہ اسامیاں بھی شامل ہیں جو بھرتی ایجنسیوں کو بھیجی جا چکی ہیں یا جن کا اشتہار جاری ہو چکا ہے۔ سرکاری جواب کے مطابق براہِ راست کوٹہ کے تحت 3,808 گزٹڈ، 24,507 نان گزیٹیڈ اور 12,351 ملٹی ٹاسکنگ اسٹاف (ایم ٹی ایس) کی اسامیاں خالی ہیں۔اسی طرح ترقیاتی کوٹہ کے تحت 6,409 گزٹڈ، 24,451 نان گزیٹیڈ اور 5,573 ایم ٹی ایس اسامیاں شامل ہیں۔حکومت نے کہا کہ خالی اسامیوں کو بروقت پْر کرنے کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں، جن میں اسامیوں کی نشاندہی اور انہیں بھرتی ایجنسیوں کے حوالے کرنا، قانونی تقاضوں کی پاسداری، بھرتی کے ادوار کی پیشگی منصوبہ بندی اور مختلف مراحل پر نگرانی شامل ہے۔مزید کہا گیا کہ تقرری کے عمل کو تیز اور شفاف بنانے کے لیے طریقہ کار کو سادہ بنانے، بھرتی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل مضبوط کرنے اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔حکومت کے مطابق بھرتی ایجنسیوں نے سال 2026 کے لیے امتحانی کلینڈر بھی جاری کر دیا ہے، جس پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔