جموں و کشمیر میں 58,034 کنال نازول اراضی موجود

جموں و کشمیر میں 58,034 کنال نازول اراضی موجود

5,618 کنال اراضی تجارتی مقاصد کیلئے لیز پر ، 346 لیز کیسوں کی میعاد ختم

سرینگر// یو این ایس//جموں و کشمیر حکومت نے قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیا ہے کہ یونین ٹریٹری میں مجموعی طور پر 58,034 کنال نازول اراضی موجود ہے، جس میں سے 5,618 کنال اراضی تنظیمِ نو سے قبل تجارتی مقاصد کے لیے لیز پر دی جا چکی ہے، جب کہ 346 لیز کیس ایسے ہیں جن کی مدت مکمل ہو چکی ہے اور ان پر تاحال کوئی حتمی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔یو این ایس کے مطابق محکمہ مال کی جانب سے ایوان میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق، جموں ڈویژن میں 50,343 کنال جبکہ کشمیر ڈویژن میں 7,690 کنال نازول اراضی موجود ہے، جس سے مجموعی رقبہ 58,034 کنال بنتا ہے۔ انہی ریکارڈز کے مطابق تنظیم نو سے قبل جموں ڈویژن میں 529 کنال اور کشمیر ڈویژن میں 5,088 کنال اراضی تجارتی استعمال کے لیے لیز پر دی گئی تھی، جس کا مجموعی رقبہ 5,618 کنال ہے۔اسمبلی کو دی گئی تحریری اطلاع میں بتایا گیا کہجموں و کشمیر لینڈ گرانٹس رولز 2022 کے تحت نازول اراضی کی نیلامی اور لیز دینے کے لیے تفصیلی طریقہ کار وضع کیا گیا ہے، جو مستقبل میں تمام نئی لیز اور الاٹمنٹس کے لیے رہنما اصول فراہم کرتا ہے۔محکمہ مال کے ڈویڑنل ریکارڈ کے مطابق، تنظیم نو سے قبل دی گئی لیز میں سے جموں ڈویژن میں 130 اور کشمیر ڈویژن میں 215 لیز کیسز کی مدت ختم ہو چکی ہے، اس طرح پورے جموں و کشمیر میں 346 لیز کیس ایسے ہیں جن پر آئندہ کارروائی کی جانی باقی ہے۔تاہم اسمبلی میں پیش کی گئی دستاویزات میں ان ختم شدہ لیز کیس کے حوالے سے کسی واضح ٹائم لائن کا ذکر نہیں کیا گیا اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ ان میں سے کتنے کیسز کی تجدید کی گئی، کتنے مسترد ہوئے یا کتنے اب بھی زیر التوا ہیں۔ محکمہ مال کی وضاحت اعداد و شمار تک محدود رہی اور آئندہ کے لیے صرف 2022 کے قواعد و ضوابط کا حوالہ دیا گیا۔