kashmir

جموں و کشمیر میں 14 سیاحتی مقامات دوبارہ کھولنے کا حکم

ایل جی منوج سنہا کاسیاحت کی بحالی کیلئے بڑا قدم

سرینگر//یو این ایس//انتظامیہ نے جموں و کشمیر میںسیاحت کی بحالی اور عوامی اعتماد کو مضبوط بنانے کے مقصد سے پیر کے روز 14 سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا۔ یہ فیصلہ ایک جامع سکیورٹی جائزے کے بعد لیا گیا ہے۔یو این ایس کے مطابق جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے دفتر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ یہ سیاحتی مقامات، جو احتیاطی تدابیر کے تحت عارضی طور پر بند کیے گئے تھے، فوری طور پر دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔ایل جی کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا’’تفصیلی سکیورٹی جائزے اور مشاورت کے بعد میں نے کشمیر اور جموں ڈویڑن کے مزید سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کی ہدایت دی ہے، جو احتیاطی اقدام کے طور پر بند کیے گئے تھے۔‘‘بیان کے مطابق کشمیر ڈویژن میں دوبارہ کھولے جانے والے 11 سیاحتی مقامات میں یوسمرگ، دودھ پتھری (بڈگام)، ڈنڈی پورہ پارک (کوکرناگ)، پیر کی گلی، دوبجن اور پدپاون (شوپیاں)، آستان پورہ، ٹیولپ گارڈن (سرینگر)، تھاجواس گلیشیئر، ہنگ پارک (گاندربل) اور ولر/واٹلاب (بارہمولہ) شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا ہے۔اسی طرح جموں ڈویژن میں دیوی پنڈی (ریاسی)، ماہو منگت (رام بن) اور مغل میدان (کشتواڑ) کو بھی فوری طور پر دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کشمیر کے گریز، اتھواٹو اور بنگس جبکہ جموں ڈویژن کے رام کنڈ کو برف صاف ہونے کے بعد سیاحوں کیلئے کھولا جائے گا۔حکام کے مطابق ان سیاحتی مقامات کی بحالی سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی معیشت اور روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ انتظامیہ کو امید ہے کہ آنے والے دنوں میں بڑی تعداد میں سیاح ان خوبصورت مقامات کا رخ کریں گے۔