سکینہ ایتو نے پی جی سیٹوں کی توسیع کا خیر مقدم کیا
جموں//میڈیکل تعلیم میں خصوصی شعبوں کو بڑھانے میں ایک تاریخی پیش رفت اور جموں و کشمیر میں ایک اہم سنگ میل کے طور پر نیشنل میڈیکل کمیشن ( این ایم سی ) نے جموں و کشمیر کے گورنمنٹ میڈیکل کالجز ( جی ایم سی ) جموں اور سرینگر اور سکمز صورہ میں 24 نئی سپر اسپیشلٹی پوسٹ گریجویٹ ( پی جی ) سیٹس منظور کی ہیں ۔ یہ سیٹیں کارڈیالوجی ، یورولوجی ، پلمونری میڈیسن ، میڈیکل گیسٹرو اینٹرولوجی ، پیڈیاٹرک سرجری ، نیورو اینستھیزیا، پیڈیاٹرک اور نیونیٹل اینستھیزیا اور کلینیکل امیونولوجی اینڈ روماٹولوجی جیسے شعبوں میں منظور کی گئی ہیں ۔ اس پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر صحت و میڈیکل ایجوکیشن محترمہ سکینہ ایتو نے اسے ایک بڑی سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ یہ تبدیلی کا قدم حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر میں خصوصی صحت کی انفراسٹرکچر اور میڈیکل تعلیم کے مواقع کو وسعت دینے کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔ وزیر صڈحت نے کہا ’’ یہ کامیابی مسٹر عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی جانب سے صحت کے معیارات کو بہتر بنانے اور جموں و کشمیر میں جدید اور خصوصی طبی خدمات کو دستیاب کرانے کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتی ہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ این ایم سی نے جی ایم سی جموں کیلئے ڈی ایم کارڈیالوجی میں چار سیٹیں اور ایم سی ایچ یورولوجی میں چار سیٹیں ، جی ایم سی سرینگر کیلئے ڈی ایم پلمونری میڈیسن ، ڈی ایم کارڈیالوجی ، ڈی ایم میڈیکل گیسٹرو اینٹرولوجی ، ایم سی ایچ یورولوجی اور ایم سی ایچ پیڈیاٹرک سرجری میں سے ہر ایک میں دو سیٹیں ، جبکہ شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسز سرینگر کے لئے ڈی ایم نیورو اینستھیزیا ، ڈی ایم پیڈیاٹرک اینڈ نیونیٹل اینستھیزیا اور ڈی ایم کلینیکل امیونولوجی اینڈ روماٹولوجی میں ہر ایک میں دو سیٹیں منظور کی ہیں ۔










