جموں و کشمیر میں مردم شماری 2027 کی تیاریاں تیز

جموں و کشمیر میں مردم شماری 2027 کی تیاریاں تیز

ہاؤس لسٹنگ آپریشن کیلئے 30 روزہ مدت طے کیے جانے کا امکان

سرینگر/یو این ایس// جموں و کشمیر میں مردم شماری 2027 کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جس کے تحت یونین ٹیریٹری سطح کی مردم شماری رابطہ کمیٹی جلد ہی ہاؤس لسٹنگ آپریشن کے لیے 30 روزہ مدت کا اعلان کر سکتی ہے۔ یہ مدت یکم اپریل 2026 سے 30 ستمبر 2026 کے درمیان طے کی جائے گی۔یو این ایس کے مطابق ڈائریکٹر مردم شماری آپریشنز اور ڈائریکٹر سٹیزن رجسٹریشن برائے جموں و کشمیر و لداخ، امیت شرما نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں ہاؤس لسٹنگ آپریشن کے شیڈول پر جلد فیصلہ متوقع ہے۔ انہوں نے کہا،‘‘مردم شماری رابطہ کمیٹی یکم اپریل سے 30 ستمبر 2026 کے درمیان کسی بھی 30 روزہ مدت کا انتخاب کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ لداخ میں ہاؤس لسٹنگ آپریشن یکم جون سے 30 جون 2026 تک انجام دیا جائے گا، کیونکہ لداخ کو برف باری سے متاثرہ خطہ قرار دیا گیا ہے۔جموں و کشمیر میں مردم شماری کی رابطہ کمیٹی کی صدارت چیف سیکریٹری اتل ڈولو کر رہے ہیں، اور امکان ہے کہ آئندہ اجلاس میں ہاؤس لسٹنگ آپریشن کے حتمی شیڈول کو منظوری دی جائے گی۔ ہاؤس لسٹنگ آپریشن مردم شماری کے پہلے مرحلے پر مشتمل ہوتا ہے۔امیت شرما کے مطابق مردم شماری کا دوسرا مرحلہ، یعنی آبادی کی گنتی، جموں و کشمیر کے برفانی علاقوں میں ستمبر 2026 جبکہ میدانی علاقوں میں فروری 2027 میں انجام دیا جائے گا۔ لداخ میں آبادی کی گنتی ستمبر 2026 میں ہوگی۔یو این ایس کے مطابق یہ مردم شماری جموں و کشمیر کے لیے اس لحاظ سے بھی نہایت اہم ہے کہ اس کے ذریعے محفوظ زمروں کی درست آبادی سامنے آئے گی اور یہی مردم شماری آئندہ اسمبلی اور لوک سبھا حلقوں کی حد بندی کی بنیاد بنے گی۔اس مردم شماری میں پہلی بار پاپڈی، پڈاری، گڈا برہمن اور کولی قبائل کو الگ الگ درج کیا جائے گا، جنہیں 2024 میں جموں و کشمیر کی شیڈولڈ ٹرائب فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ، جموں و کشمیر میں پہلی مرتبہ دیگر پسماندہ طبقات سے متعلق تفصیلی اعداد و شمار بھی جمع کیے جائیں گے۔یو این ایس کے مطابق جموں و کشمیر میں مرکزی فہرست میں شامل 20 جبکہ ریاستی (یو ٹی) فہرست میں شامل 41 ذاتیں/برادریاں او بی سی زمرے میں آتی ہیں، جنہیں سرکاری ملازمتوں میں 8 فیصد ریزرویشن حاصل ہے۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر ری آرگنائزیشن ایکٹ 2019 کے تحت 2026 کے بعد ہونے والی پہلی مردم شماری کے اعداد و شمار سامنے آنے تک اسمبلی اور لوک سبھا نشستوں میں کوئی نئی رد و بدل نہیں کی جا سکتی۔ جموں و کشمیر میں آخری حد بندی کا عمل 5 مئی 2022 کو مکمل ہوا تھا۔