پولیس کی بروقت کارروائی، امن و قانون کی صورتحال بگڑنے سے بچا لی گئی
سرینگر/ یو این ایس//جموں و کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں پولیس نے ایک سیاح پر مبینہ حملے کے معاملے میں چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ کارروائی بھدرواہ کے علاقے میں پیش آئے واقعے کے بعد عمل میں لائی گئی تاکہ صورتحال کے بگڑنے اور امن و قانون میں خلل کے خدشات کو روکا جا سکے۔یو این ایس کے مطابق اطلاعات کے مطابق پولیس اسٹیشن بھدرواہ کو سریش کمار ولد دلیپ چند، ساکن نگنی بھلڑا، تحصیل بھدرواہ کی جانب سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ بھدرواہ کے علاقے میں ایک سیاح کے ساتھ مارپیٹ کی گئی ہے۔ شکایت موصول ہوتے ہی ڈوڈہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے احتیاطی اقدامات کے تحت کیس درج کیا۔پولیس نے بی این ایس ایس کی دفعات 126 اور 170 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو حراست میں لیا، جن میں جاوید اقبال ولد علی محمد، ساکن کھولڑا بستی بھدرواہ؛ اویس احمد ولد شوکت علی، ساکن کھولڑا بستی بھدرواہ؛ خورشید احمد ولد محمد یاسر، ساکن نلتی بھدرواہ؛ اور اویناش مانہاس ولد وپن مانہاس، ساکن نلتی، تحصیل بھدرواہ شامل ہیں۔پولیس کے مطابق چاروں افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایگزیکٹیو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس، بھدرواہ کے روبرو پیش کیا گیا، جہاں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔پولیس نے کہا کہ سیاحوں کی سلامتی کو یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے اور سیاحت سے جڑے علاقوں میں کسی بھی قسم کی بدامنی یا تشدد کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ امن و امان برقرار رکھنے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔










