جموں و کشمیر میں زرعی گھرانوں کی اوسط ماہانہ آمدنی 18,918 روپے

جموں و کشمیر میں زرعی گھرانوں کی اوسط ماہانہ آمدنی 18,918 روپے

فی زرعی گھرانہ اوسط قرضہ 30,435 روپے، 31.9 فیصد خاندان مقروض// لوک سبھا

سرینگر//یو این ایس / جموں و کشمیر میں زرعی گھرانوں کی اوسط ماہانہ آمدنی 18,918 روپے جبکہ فی زرعی گھرانہ اوسط بقایا قرضہ 30,435 روپے ہے۔ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھامیںمرکزی وزیر مملکت برائے زراعت و کسان بہبود بھاگیہ رتھ چودھری نے سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ یہ اعداد و شمار قومی اعداد شمار دفترکی جانب سے زرعی گھرانوں کی صورتحال کے بارے میں کیے گئے سروے پر مبنی ہیں، جو وزارت شماریات و پروگرام نفاذ کے تحت کیا گیا تھا۔وزیر نے بتایا کہ دستیاب تازہ ترین اعداد و شمار جولائی 2018 سے جون 2019 کے زرعی سال سے متعلق ہیں کیونکہ اس کے بعد یہ سروے دوبارہ نہیں کیا گیا۔ اسی وجہ سے گزشتہ پانچ برسوں کے دوران زرعی گھرانوں کی آمدنی اور قرضوں کے تازہ اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں۔لوک سبھا میں پیش کیے گئے سروے کے مطابق جموں و کشمیر میں زرعی گھرانوں کی اوسط آمدنی 18,918 روپے ماہانہ ہے جو کہ ملک کی مجموعی اوسط آمدنی 10,218 روپے سے نمایاں طور پر زیادہ ہے۔سروے کے مطابق جموں و کشمیر میں 31.9 فیصد زرعی گھرانے قرض کے بوجھ تلے ہیں اور فی گھرانہ اوسط قرضہ 30,435 روپے ہے۔وزیر نے ایوان کو بتایا کہ زرعی شعبے کیلئے ادارہ جاتی قرضوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ریزرو بنک آف انڈیاکے مطابق زرعی اور متعلقہ سرگرمیوں کیلئے شیڈولڈ کمرشل بینکوں کی جانب سے دیے گئے قرضوں کی بقایا رقم 31 مارچ 2021 کو 13,84,815 کروڑ روپے سے بڑھ کر 31 مارچ 2025 تک 23,67,024 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔حکومت کے مطابق کسانوں کو سستے قرض فراہم کرنے کیلئے کسان کریڈٹ کارڈ اسکیم سمیت مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس کے تحت قلیل مدتی زرعی قرض 7 فیصد شرح سود پر دستیاب ہے جبکہ بروقت ادائیگی کی صورت میں مؤثر شرح سود تقریباً 4 فیصد رہ جاتی ہے۔مرکزی حکومت نے بتایا کہ کسانوں کی آمدنی بڑھانے اور زرعی پیداوار کو بہتر بنانے کیلئے متعدد اسکیمیں نافذ کی جا رہی ہیں، جن میں وزیر اعظم کسان سمان ندھی اور وزیر اعظم فصل بیما یوجنا کے علاوہ کرشونت یوجنابھی شامل ہے ۔