7 لاکھ فعال پالیسیاں جاری، شہریوں کی شمولیت میں پچھلے پانچ سال میں تیزی
سرینگر// یو این ایس /جموں و کشمیر میں مرکز کی وزیر اعظم جیون جیوتی بیمہ یوجنا کے تحت نمایاں ترقی دیکھی گئی ہے، جہاں اب تک مجموعی طور پر 12,54,540 افراد نے اسکیم میں شمولیت اختیار کی ہے اور تقریباً 6,94,244 فعال زندگی بیمہ پالیسیاں موجود ہیں، جیسا کہ پارلیمنٹ میں وزیر خزانہ نے اعداد و شمار پیش کیے۔یو این ایس کے مطابق اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ یونین ٹریٹری میں پانچ سال کے دوران شمولیت میں تین گنا اضافہ ہوا ہے، جو اسکیم کی آگاہی اور بینک اکاؤنٹ رکھنے والے شہریوں میں مقامی سطح پر اس کی رسائی بڑھنے کی عکاسی کرتا ہے۔سال بہ سال جائزہ لینے سے پتا چلتا ہے کہ مجموعی کوریج 2022 میں 4.61 لاکھ سے بڑھ کر 2023 میں 5.61 لاکھ، 2024 میں 8.90 لاکھ، 2025 میں 10.75 لاکھ اور اس سال 12.54 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ فعال پالیسیوں میں بھی اسی طرح کا تسلسل رہا، جو 2023 میں 4.96 لاکھ سے 2024 میں 5.41 لاکھ، 2025 میں 6.20 لاکھ اور حالیہ وقت میں تقریباً 6.94 لاکھ تک پہنچ گئی ہیں۔ وزیر اعظم جیون جیوتی بیمہ یوجنا اسکیم میں سالانہ پریمیم 436 روپے کے عوض 2 لاکھ روپے کی زندگی بیمہ فراہم کی جاتی ہے، جو صارف کے بینک اکاؤنٹ سے خودکار طور پر کٹوتی کے ذریعے ادا کی جاتی ہے۔ یہ اسکیم کم اور درمیانے آمدنی والے گھرانوں کو مالی تحفظ فراہم کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔یو این ایس کے مطابق ملکی سطح پر، اس اسکیم میں بڑے پیمانے پر توسیع دیکھی گئی ہے، جہاں 26.31 کروڑ افراد شامل ہیں اور 12.07 کروڑ فعال پالیسیز ابھی بھی جاری ہیں۔ انشورنس ریگولیٹری اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف انڈیا کے مطابق کلیم کے نمٹانے کی اوسط مدت 0.61 سے 17 دن کے درمیان ہے، جس کا انحصار انشورر پر ہوتا ہے۔ان رولمنٹ میں اضافہ اور بینک اکاؤنٹس میں ناکافی بیلنس کی وجہ سے کٹوتیوں میں کمی کے لیے حکومت نے بینکوں اور مقامی انتظامیہ کی شرکت سے گراس روٹ کی سطح پر آگاہی مہمات چلائیں۔ جولائی تا اکتوبر 2025 کے دوران چار ماہ طویل میں 2.70 لاکھ گاؤں اور شہری علاقوں میں کیمپ منعقد کیے گئے تاکہ آن-دی-اسپاٹ شمولیت اور آگاہی فراہم کی جا سکے۔جموں و کشمیر میں بھی بینکنگ اہلکاروں نے بتایا کہ مقامی کیمپ، ان اندراج مہمات نے دیہی اور پسماندہ علاقوں میں بیمہ کوریج کو بڑھانے میں مدد دی ہے، جس سے ان خاندانوں کو رسمی بیمہ کی سہولت حاصل ہوئی جو پہلے کم یا بالکل بھی بیمہ سے محروم تھے۔یو این ایس کے مطابق حکام نے مزید کہا کہ یونین ٹریٹری میں دعوے قومی معیار کے مطابق نمٹائے جا رہے ہیں اور مقررہ وقت میں کلیم کی ادائیگی مکمل کی جاتی ہے، جس سے مستفید ہونے والے خاندان بروقت بیمہ شدہ رقم وصول کر لیتے ہیں۔ بڑھتی ہوئی شمولیت اور تجدیدات کے ساتھ، یہ اسکیم جموں و کشمیر کے ہزاروں خاندانوں کے لیے ایک اہم سوشل سیکیورٹی نیٹ کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے۔










