جموں و کشمیر میں اس سال 17 دراندازوں سمیت 42 غیر مقامی عسکریت پسند مارے گئے

جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں گزشتہ روز جھڑپ میں پانچ مقامی ملی ٹنٹوں سمیت درجنوں جنگجوئوں کو ہلاک کیا گیا

سرینگر //جموں کشمیر میں رواں برس اب تک مختلف اضلاع میں فوج اور ملی ٹنٹوںکے مابین ہوئی جھڑپوں میں 17دراندازوں سمیت 42غیر مقامی ملی ٹنٹ ہلاک کئے گئے جبکہ گزشتہ روز اننت ناگ میں پانچ مقامی جنگجوئوں سمیت متعدد مقامی ملیٹنٹوں کو بھی ہلاک کیا جاچکا ہے جن سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جموں و کشمیر میں اس سال 26 سے زیادہ گولیوں کے تبادلوں میں 17 دراندازوں سمیت کم از کم 42 غیر مقامی عسکریت پسند مارے گئے۔دستیاب اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ یہ 42 غیر مقامی عسکریت پسند جموں و کشمیر کے 9 اضلاع میں مارے گئے۔ ان اضلاع میں بارہمولہ، بانڈی پورہ، کپواڑہ، کولگام، جموں، ادھم پور، کٹھوعہ، ڈوڈہ اور راجوری شامل ہیں۔عسکریت پسندوں کی ہلاکتوں میں ضلع بارہمولہ سرفہرست ہے جہاں اْوڑی سیکٹر کے سبورا نالہ علاقے، مین اْڑی سیکٹر چک تاپر کریری، کمل کوٹ اْوڑی اور نوپورہ اور ہدی پورہ اور ساگی پورہ اور وترگام ،سوپور میں راج پور کے علاقوں میں 9تصادم آرائیوں میں 14 غیر مقامی جنگجو مارے گئے ہیں۔ اسی طرح کپواڑہ کے مختلف سیکٹر بشمول کیرن،ٹنگڈار، مژھل اور لولاب میں 12 جنگجو مارے گئے۔ ڈوڈہ کے بجد اور اسر جنگلاتی علاقوں میں دو مسلح تصادموں میں چار جنگجو مارے گئے۔ ہیرا نگر کے سیدا سکھل گاؤں اور کٹھوعہ کے کوگ منڈلی گاؤں میں 2 مسلح تصادم میں 3 جنگجو مارے گئے۔ ادھم پور کے بسنت گڑھ کے کھنڈارا ٹاپ میں ایک تنہا گولی باری میں دو جنگجو مارے گئے۔بانڈی پورہ کے کیٹسون جنگلاتی علاقے، اکھنور جموں اور کولگام کے پائین ریڈوانی علاقے میں ایک ایک غیر مقامی جنگجو کو ہلاک کیا گیا۔ اس کے برعکس راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں ایک ہی تصادم میں دو جنگجو مارے گئے۔ جبکہ اسی طرح کی کارروائیوں میں متعدد مقامی ملیٹنٹ بھی ہلاک ہوئے ہیں جن میں سرینگر کے خانیار علاقے میں ایک اور گزشتہ روز کولگام میں ایک ساتھ پانچ عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ۔