Skill Development Mission intensifies in Jammu and Kashmir

جموں و کشمیر میں اسکل ڈیولپمنٹ مشن تیز

3 برس میں 1.64 لاکھ نوجوانوں کو تربیت، 1.34 لاکھ کی اپ اسکلنگ

سرینگر// یو این ایس//جموں و کشمیر حکومت نے قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیا ہے کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران مختلف ہنرمندی پروگراموں کے تحت مجموعی طور پر 1,64,665 نوجوانوں کو تربیت فراہم کی گئی۔ حکومت کے مطابق محکمہ اسکل ڈیولپمنٹ کے تحت چلنے والی مختلف اسکیموں میں 32,537 نوجوانوں کو کرافٹ ٹریننگ اسکیم کے تحت تربیت دی گئی، جبکہ 1,710 افراد نے اپرنٹس شپ ٹریننگ اسکیم سے استفادہ کیا۔ سرکاری پولی ٹیکنک اداروں میں 9,901 امیدواروں کو تکنیکی تربیت فراہم کی گئی۔یو این ایس کے مطابق اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ 1,18,677 نوجوانوں نے پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا کے تحت تربیت حاصل کی، جبکہ 1,840 امیدواروں نے ایف سی آئی جموں میں ہوٹل مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ کورسز مکمل کیے۔ ان تمام پروگراموں کے تحت مستفید ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1,64,665 ہے۔ مزید ، پردھان منتری وشوکرما یوجنا کے تحت 1,34,677 ہنرمند کارکنوں کی اپ اسکلنگ بھی عمل میں لائی گئی۔حکومت نے یہ بھی واضح کیا کہ محکمہ روزگار کی جانب سے ’’ٹریننگ ٹو بلڈ انٹرپرینیورشپ کیپیسٹیز فار سیلف ایمپلائمنٹ‘‘ اسکیم کے تحت تین ماہ کی خصوصی تربیت فراہم کی جا رہی ہے، جس کا مقصد نوجوانوں میں خود روزگاری کے رجحان کو فروغ دینا اور مہارتوں کے فقدان کو کم کرنا ہے۔