جموں و کشمیر سمیت ملک کے کئی حصوں میں موسلا دھار بارش کا امکان

محکمہ موسمیات نے 9 ریاستوں کے لیے الرٹ جاری کر دیا

سرینگر//جموں و کشمیر میں حالیہ دنوں کے دوران جاری بارش کا امکان ہے جبکہ جموں کے مختلف علاقوں میں بارشیں شروع ہوچکی ہیں۔ البتہ وادی میں اگلے چند 48گھنٹوں کے دوران مون سون دستک دے سکتا ہے ۔ جب کہ محکمہ موسمیات نے وادی کے کئی مقامات پر مزید شدید بارشوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ وائس آف انڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، پنجاب، ہریانہ، مغربی اترپردیش اور اوڈیشہ میں آئندہ دنوں کے دوران تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ گجرات، مہاراشٹر اور کرناٹک کے ساحلی علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔دوسری جانب قومی راجدھانی دہلی اب تک مانسون کی آمد کی منتظر ہے۔ 24 جون کو متوقع داخلے کی پیش گوئی درست ثابت نہ ہونے کے بعد محکمہ موسمیات نے عندیہ دیا ہے کہ کسی بھی لمحہ دہلی میں مانسون بارش شروع ہو سکتی ہے، کیونکہ این سی آر (نیشنل کیپیٹل ریجن) کو تین اطراف سے مانسون نے گھیر رکھا ہے۔ مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، مشرقی گجرات اور راجستھان کے کئی علاقوں میں شدید بارش کے آثار نمایاں ہو چکے ہیں۔محکمہ موسمیات نے اترپردیش کے 14 اضلاع میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے، جن میں سہارنپور، بجنور، مرادآباد، رام پور، مظفر نگر، باغپت، میرٹھ، بریلی، پیلی بھیت، جھانسی، جالون اور دیگر علاقے شامل ہیں۔ ریاست کے دیگر حصوں میں بھی ہلکی گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکان کا اظہار کیا گیا ہے۔اسی طرح بہار، جھارکھنڈ اور مغربی بنگال میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے والا ہے، جہاں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی آنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق راجستھان میں جمعرات سے مانسون کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے، جو کہ فصلوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا۔ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، خاص کر پہاڑی اور ندی نالہ والے علاقوں میں سفر سے گریز کریں۔