jitandar singh

جموں و کشمیر حکومت سے متعلق عوامی شکایات میں اضافہ

2025 میں 7,900 سے زائد شکایات موصول// ڈاکٹر جتندر سنگھ

سرینگر//یو این ایس / مرکزی حکومت نے جمعرات کو راجیہ سبھاکو مطلع کیا کہ سال 2025 کے دوران جموں و کشمیر حکومت سے متعلق 7,900 سے زائد عوامی شکایات موصول ہوئی ہیں۔مرکزی وزیر مملکت برائے عملہ جتندر سنگھ نے ایک تحریری جواب میں بتایا کہ یہ شکایات آن لائن مرکزی عوامی شکایات کے ازالے اور نگرانی کا نظام (سی پی گرامز)کے ذریعے درج کی گئیں جنہیں بعد میں جموں و کشمیر حکومت کو کارروائی کے لیے بھیجا گیا۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال موصول ہونے والی مجموعی 7,936 شکایات (گزشتہ سالوں سے منتقل ہونے والی 7,340 شکایات کے علاوہ) میں سے 5,598 زیر التوا رہیں جبکہ 9,678 شکایات کو نمٹا دیا گیا۔وزیر مملکت کے مطابق سال 2024 میں اس طرح کی 8,459 جبکہ 2023 میں 6,991 شکایات درج کی گئی تھیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ عوامی شکایات کے ازالے کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اپریل 2022 میں سی پی گرامز کے تحت 10 اصلاحاتی اقدامات متعارف کرائے گئے تاکہ شہریوں کی شکایات کا بروقت اور مؤثر طریقے سے ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔اس کے علاوہ اگست 2024 میں حکومت نے عوامی شکایات کے ازالے کے لیے جامع رہنما خطوط بھی جاری کیے جن کے تحت شکایات کے ازالے کی مدت 30 دن سے کم کر کے 21 دن کر دی گئی ہے۔ان رہنما خطوط کے تحت مختلف وزارتوں اور محکموں میں خصوصی شکایتی سیل قائم کرنے، تجربہ کار نوڈل اور اپیلیٹ افسران کی تقرری، شکایات کی بنیادی وجوہات کا جائزہ لینے اور شہریوں کی آراء کی بنیاد پر اصلاحی اقدامات کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔مرکزی وزیر نے بتایا کہ سی پی گرامز پورٹل میں ایک خصوصی جائزہ میٹنگ ماڈیول بھی فعال کیا گیا ہے جس کے ذریعے اعلیٰ سطح پر شکایات کے ازالے کے عمل کا جائزہ لیا جاتا ہے تاکہ نظام کی کارکردگی اور معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔