farooq abdullah

جموں و کشمیر بجٹ سبھی طبقوں کیلئے راحت

انفراسٹرکچر، روزگار اور فلاحی اسکیموں پر خصوصی توجہ// ڈاکٹر فاروق

سرینگر// یو این ایس // جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعہ کے روز جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری کے 2026-27کے بجٹ کی ستائش کرتے ہوئے اسے ’’جامع‘‘ اور ’’سبھی کیلئے راحت فراہم کرنے والا‘‘ قرار دیا ہے۔یو این ایس کے مطابق جموں میں اسمبلی کمپلیکس کے باہر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بجٹ کو ’’شاندار‘‘ اور ’’مثالی‘‘ قرار دیا اور کہا کہ اس میں معاشرے کے تمام طبقوں کیلئے کسی نہ کسی شکل میں فائدہ موجود ہے۔انہوں نے کہا، ’’یہ بجٹ ہر ممکن پہلو سے فائدہ پہنچانے والا ہے اور اس میں سبھی طبقات کا خیال رکھا گیا ہے۔‘‘این سی صدر نے کہا کہ بجٹ تجاویز سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت نے عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی ہے، خاص طور پر انفراسٹرکچر کی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور فلاحی اقدامات پر توجہ دی گئی ہے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اگر بجٹ میں شامل منصوبوں اور اسکیموں کو مؤثر طریقے سے زمینی سطح پر نافذ کیا گیا تو اس کے مثبت نتائج براہ راست عام لوگوں تک پہنچیں گے۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر کا سالانہ بجٹ 2026-27جمعہ کے روز قانون ساز اسمبلی میں پیش کیا گیا، جس میں ترقیاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور سماجی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد اقدامات پر زور دیا گیا ہے۔