سری نگر، 4 فروری (یو این آئی) جموں و کشمیر اور لداخ کی عدالتوں میں 8 فروری سے کیسوں کی فزیکل شنوائی ہوگی۔
جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس پنکج متھل کی طرف سے جمعرات کو جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا کہ جموں و کشمیر اور لداخ میں قائم ہائی کورٹ، ضلعی عدالتوں اور ماتحت عدالتوں میں 8 فروری سے کیسوں کی فزیکل شنوائی ہوگی۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ تاہم کورونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لئے تمام تر احتیاطی تدابیر و گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل در آمد ہوگا۔
مذکورہ حکمنامے کے مطابق وکلا کو عدالتی احاطوں میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی تاہم ان ہی وکلا کو عدالتی کمروں میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی جن کے کیسوں کی اس دن شنوائی ہوگی۔
حکنامے میں کہا گیا: ’کورٹ بلڈنگ میں داخل ہوتے وقت وکلا کو سماجی دوری کا خاص رکھنا ہوگا اور دیگر جملہ گائیڈ لائنز پر عمل پیرا ہونا ہوگا اور کیس کی شنوائی کے فوراً بعد انہیں کمرے سے باہر جانا ہوگا‘۔
حکمنامے کے مطابق کلرکوں اور وکلا کے ایجنٹوں پر عدالتی کمروں میں داخل ہونے پر پابندی برابر جاری رہے گی۔
مذکورہ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ عدالتی احاطوں میں قائم کینٹنز کو بھی مروج گائیڈ لائنز پر من و عن عمل در آمد کرکے کھلنے کی اجازت ہوگی۔










