سری نگر//جموں و کشمیر یکم؍ اگست سے 15 ؍اگست 2024 ء تک دو ہفتوں تک صفائی ، دیرپایت اور صفائی ستھرائی پر زور دینے کے لئے عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کے ساتھ سوچھتا پکھواڑہ کا انعقاد کرے گا۔ لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا کی ہدایات کے مطابق محکمہ دیہی ترقی و پنچایتی راج نے مختلف محکموں اور ضلعی اِنتظامیہ کے اشتراک سے عوام کی شمولیت کے ساتھ صفائی ستھرائی کے اقدامات کے لئے متعدد پروگراموں کی منصوبہ بندی کی ہے۔سیکرٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج محکمہ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے آج ضلع اور بلاک سطح کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ میں تفصیلی روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا جس میں ڈائریکٹر جنرل رورل سینی ٹیشن انو ملہوترا، ڈائریکٹر دیہی ترقیات کشمیرشبیر حسین بٹ، ڈائریکٹر دیہی ترقیات جموں ممتاز علی، ڈائریکٹر پنچایتی راج شیام لال، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ کمل شرما ، دیگر صوبائی افسران، اے سی ڈیز اور اے سی پیز کے علاوہ دیگر متعلقین نے شرکت کی۔ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری نے سائنسی ویسٹ مینجمنٹ، حفظان صحت کے بہترین طریقوں، حفظان صحت، صفائی ستھرائی اور ادارہ جاتی اور سماجی اقدامات کے فروغ کے لئے مؤثر اور زیادہ سے زیادہ عوامی شرکت پر زور دیا۔ پبلک موبلائزیشن کے مقصد سے دو ہفتے تک جاری رہنے والے اس اقدام میں صوبائی، ضلعی اور بلاک سطح پر افتتاحی تقریبات، عوامی مقامات اور سیاحتی مقامات پر صفائی مہم، ویسٹ کو ٹھکانے لگانا، مقامی کمیونٹیوںکے لئے بنیادی ڈھانچے کو وقف کرنا، مقامی سطح پر نئے منصوبوں کا آغاز اور مختلف سطحوں پربیداری پروگراموں اورمشغولیت کے اَقدامات شامل ہیں۔دیہی ترقی و پنچایتی راج محکمہ تمام اَضلاع کی منتخب پنچایتوں میں سوچھتا گرام سبھا کا بھی اِنعقاد کرے گا تاکہ تاکہ سوچھ بھارت مشن گرامین کے تحت مختلف اثاثوں کی منصوبہ بندی ، قیام ، آپریشن اوردیکھ ریکھ میں عوام کی شرکت کو فروغ دیا جاسکے۔ محکمہ صحت، سکول ایجوکیشن، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس، فارسٹ ایکولوجی اینڈ انوائرنمنٹ، سوشل ویلفیئر اور زراعت محکموں کے ساتھ تال میل سے ضلع، بلاک اور پنچایت کی سطح پر متعدد پروگراموں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔سیکرٹری نے افسران سے کہا کہ وہ صفائی ستھرائی اور دیرپایت کے بہترین طریقوں کے لئے مقامی سطح پر جدت طرازی کو فروغ دیں جس کے لئے محکمہ کی جانب سے یقین دہانی کی گئی فنڈنگ فراہم کی جائے گی۔میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ دیہاتوں میںویسٹ مینجمنٹ کے لئے مؤثر اور ذمہ دارانہ منصوبہ بندی کے لئے غیر سرکاری تنظیموں ، تعلیمی اِداروں اور مقامی کمیونٹی تنظیموں کی شرکت ہوگی۔ محکمہ کی طرف سے تیار کردہ امرت سروور بھی اس اقدام کے دوران کمیونٹی ایکشن کے لئے فوکس ائیریاز کے طور پر کام کریں گے۔ دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی،دیرپایت اور سائنٹفک ویسٹ مینجمنٹ کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور عوامی شمولیت کے لئے مقامی میڈیا اداروں کو شامل کرنے کا مشورہ دیا گیا۔دو ہفتے تک جاری رہنے والے اس پروگرام کے اختتام کے بعد اضلاع کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا جسے عوامی شمولیت اور ردِّعمل کو متحرک کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔










