سری نگر//جموں و کشمیر ہاؤسنگ بورڈ نے بمنہ کیمپ آفس میں ایک خصوصی کیمپ کا انعقاد کیا۔اس کیمپ کا مقصد پلاٹ کی منتقلی، لیز ہولڈ حقوق اور دیگر رہائشی معاملات سے متعلق عوامی شکایات کا اَزالہ کرنا تھا۔یہ کیمپ کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ مندیپ کور کی زیر نگرانی منعقد کیا گیا جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر ہاؤسنگ بورڈ آشیش کمار گپتا بھی کیمپ میں موجود تھے۔3 ؍اگست تک جاری رہنے والے اس کیمپ کا مقصد پلاٹوں کی منتقلی، لیز ہولڈ کے حقوق میں توسیع و تبدیلی، کنوینس ڈیڈ کے لئے این او سی، سیل ڈیڈ کے لئے این او سی اور بہت کچھ جیسے مختلف امور میں مدد فراہم کرنا ہے۔یہ اَقدام عوام کو اَپنے مسائل کو فوری طور پر دور کرنے کے لئے اَفسروں کے ساتھ براہ راست مشغول ہونے کی اجازت دیتا ہے۔پہلے دن درخواست دہندگان کی ایک بڑی تعداد نے دفتر کا دورہ کیا اور پلاٹوں کی منتقلی اور دیگر متعلقہ معاملات کے لئے معلومات حاصل کیں اور دستاویزات جمع کیں۔ہاؤسنگ بورڈ کے اَفسران نے فوری طور پر زیادہ تر مسائل کو موقعہ پر ہی حل کیا اور باقی مسائل کو حل کرنے کے لئے رہنمائی فراہم کی۔منیجنگ ڈائریکٹر نے الاٹیوں، کرایہ داروں اور عوام الناس کو اِس موقعہ سے بھرپور فائدہ اُٹھانے کی ترغیب دی۔مزید برآں، اُنہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کے خصوصی کیمپ منعقد کئے جائیں گے جو عوام کو اُمید اور یقین دِلائیں گے۔










