میٹر نصب کرنے کے بعد ہی 200یونٹ بجلی مفت فراہم کی جائے گی /وزیر اعلیٰ
سرینگر//اے پی آئی// 2014کے اسمبلی الیکشن اور پی ڈی پی ، بی جے پی کے مابین گڑھ جوڑ کو جموں وکشمیر کی تباہی کا ضامن قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ابھی تک پی ڈی پی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ 2014میں کئے گئے اتحاد کے بارے میں عوام سے معافی نہیں مانگی ۔ اے پی آئی نیوز کے مطابق میرگنڈ بڈگام میں نیشنل کانفرنس کے نامزد امیدوار سید آغا محمود کیلئے ووٹ مانگنے کے دوران عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے سرینگر ، بڈگام ، گاندربل حلقے کے ممبر پارلیمنٹ سید آغاہ روح اللہ کو ہدف تنقید کا پھر نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ عوامی مفادات کا تحفظ کیا ہے اور نیشنل کانفرنس کسی کے آگے کبھی سرخم نہیں ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بڈگام حلقے کے رائے دہندگان نامزد امیدوار کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کر کے نیشنل کانفرنس کو پھر سے مضبوط ومستحکم بنانے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرینگے ۔ وزیر اعلیٰ نے جموں وکشمیر کی تباہی و بربادی کا پی ڈی پی کو ضامن قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2014میں اس پارٹی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے لوگوں سے ووٹ لئے اور پھر اسی پارٹی کے ساتھ ہاتھ ملایا جس کے نتیجے میں آج جموں وکشمیر تباہی و بربادی کے دہانے پر ہے ۔ اس پارٹی نے 370،35Aکے خاتمے ، جموں وکشمیر کو مرکزی زیر انتظام علاقہ قرار دینے کیلئے 2014سے ہی راہ ہموار کی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس لوگوں کو راحت دلانے کے اپنے وعدے پر چٹان کی طرح ڈٹی ہوئی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جو صارفین میٹر نصب کرینگے انہیں 200یونٹ بجلی مفت فراہم کرنے میں کسی بھی طرح کی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کی جائے گی ۔ ا نہوںنے کہا کہ ہم اپنے انتخابی منشور کو عملانے میں وعدہ بند ہے ، عوام نے ہمیں پانچ سال کا اعتماد بخشا ہے اور اس مدت کے دوران ہم عوام کے توقعات پر کھرا اترنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرینگے ۔ انہوںنے عوام سے تلقین کی کہ وہ 11نومبر کو حلقے میں نیشنل کانفرنس کے نامزد امیدوار کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔










