dooran

جموں وکشمیر نے غیر معمولی بہتری دِکھائی اور ایکسپورٹ پریپیئر ڈنیس اِنڈکس ( اِی پی آئی) 2024 میں ’لیڈر‘ کا درجہ حاصل کیا

جموں//جموں و کشمیر نے اپنی برآمدی ترقی کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل حاصل کرتے ہوئے نیتی آیوگ کی جانب سے جاری کردہ ایکسپورٹ پریپیئرڈینس انڈکس( اِی پی آئی)۔ 2024 میں چھوٹی رِیاستوں، شمال مشرقی ریاستوں اور یوٹیوںکے زُمرے میں دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ یونین ٹیریٹری نے متاثرکن 51.08 کے شاندار سکور کے ساتھ اِی پی آئی۔ 2024 درجہ بندی میں ’’لیڈر‘‘کے طور پر درجہ بندی حاصل کی ہے۔یہ کامیابی گزشتہ برسوں کے مقابلے میں نمایاں بہتری کی عکاس ہے جہاں جموں و کشمیر نے اِی پی آئی۔ 2022 میں 17ویں رینک سے ترقی کرتے ہوئے اِی پی آئی 2024 میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ یہ غیر معمولی پیش رفت اِس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ یونین ٹیریٹری میں برآمداتی نظام کو مضبوط بنانے کے لئے مربوط، مسلسل اور نتائج پر مبنی اَقدامات کئے گئے ہیں۔ایکسپورٹ پریپیئرڈنیس اِنڈکس ایک جامع اور ڈیٹا پر مبنی فریم ورک ہے جو ریاستوں اور یوٹیوں کی برآمداتی تیاری کا جائزہ اہم ستونوں کی بنیاد پر لیتا ہے جن میں پالیسی، کاروباری ماحولیاتی نظام، برآمداتی ماحولیاتی نظام اور برآمدی کارکردگی شامل ہیں۔ جموں و کشمیر کی مضبوط کارکردگی ہدفی اَقدامات کی کامیابی کو اُجاگر کرتی ہے جن میں ضلعی برآمدی منصوبوں کی تیاری،’’وَن ڈِسٹرکٹ وِن پروڈکٹ (او ڈِی او پی)‘‘ اَقدامات کا فروغ، برآمد کنندگان تک رَسائی اور صلاحیت سازی کے پروگرام، اِدارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانا اور برآمد کنندگان کے لئے سہولیت کاری میں اِضافہ شامل ہے۔یہ کامیابی محکمہ صنعت و حرفت جموں و کشمیر کے لئے ایک اور اعزاز ہے اور کمشنر سیکرٹری، محکمہ صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ کی دُوراندیش قیادت اور راہنمائی کا ثبوت ہے، جن کی ہدایت پر یونین ٹیریٹری کے برآمداتی ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لئے مسلسل اور مرکوز کوششیں کی گئیں۔ یہ سنگِ میل محکمہ کے برآمدات کی قیادت میں محکمہ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے جو مربوط اقدامات، اِدارہ جاتی مضبوطی اور تمام متعلقہ شراکت داروںبشمول لائن ڈپارٹمنٹوں، فیلڈ فنکشنز اور ایکسپورٹر کمیونٹی کی فعال شرکت کے ذریعے حاصل ہوا ہے۔جموں و کشمیر اَپنی برآمدی مسابقت کو مزید بڑھانے اور اَپنی منفرد صلاحیتوں سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے قومی اور عالمی منڈیوں میں اَپنی موجودگی کو وسعت دینے کے لئے پُر عزم ہے۔