تین طلائی تمغے جیتنے والے کھلاڑی فرانس میں بین الاقوامی مقابلوں میںحصہ لیں گے
سری نگر / /اِنڈیا سکل کمپٹیشنز 2024ء ملک کا سب سے بڑسکل مقابلہ ہے جو کل یشوبھومی دوارِکا دہلی میں اِختتام پذیر ہوا جس میں 30 سے زیادہ ریاستوں اور یوٹیز کے زائد اَز 900 طلبأ نے شرکت کی۔ان ہنر مند نوجوانوں نے 61 زمروں میں حصہ لیا جس میں روایتی دستکاری اور جدید ٹیکنالوجی دونوں شامل ہیں۔ جموں و کشمیر نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور20 مہارت کے زُمروں میں حصہ لیا جو سکل ڈیولپمنٹ کے لئے خطے کے عزم میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ جموں و کشمیر کے دستے نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 شرکأ کے ساتھ 20 مہارتوں میں حصہ لیا اور تین طلائی تمغے، دو کانسی کے تمغے اور دیگر چھ تمغے حاصل کئے۔گورنمنٹ پولی تکنیک اننت ناگ کے گوہر بلال جنہوں نے پلاسٹرنگ اینڈ ڈرائی وال سسٹمز میں گولڈ میڈل جیتا جبکہ ڈی پی ایس سری نگرکے محسن ناصر اور مصطفی صہیب نے آٹونامس موبائل روبوٹکس میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔دیگر قابل ذکر کامیابیوں میں فہیم جاوید کا گرافک ڈیزائن میں کانسی کا تمغہ، جُومرتضیٰ کا ویب ٹیکنالوجیز میں کانسی کا تمغہ اور ڈرون فلم سازی میں عمر اکبر کا کانسی کا تمغہ شامل ہے۔ سائبر سیکورٹی کے لئے میانک سالاریہ، کارپینٹری کے لئے آصف احمد ٹنڈولی، پلمبنگ اینڈ ہیٹنگ کے لئے سنیل سنگھ، کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے لئے محمد حماد، الیکٹریکل تنصیبات کے لئے میر شہریار اور الیکٹرانکس کے لئے گوہر نذیر کو تمغوں سے نوازا گیا۔سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ راجیو رنجن نے جیتنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’’اِنڈیا سکل کمپیٹیشنز 2024‘‘ میں ہمارے نوجوان ٹیلنٹ کی شاندار کامیابیاں اُن کی لگن ، سخت محنت اور ہمارے اَساتذہ اور سرپرستوں کی سپوٹ کا ثبوت ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم مل کر بہترین کارکردگی کی بنیاد رکھ رہے ہیں جو ہمارے خطے کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی۔یہ کامیابیاں نہ صرف جموں و کشمیر کے اندر صلاحیت کو اُجاگر کرتی ہیں بلکہ ایک روشن مستقبل کی ترغیب بھی دیتی ہیں جہاں مہارت، اِختراعیت اور عمدگی ہماری ترقی کو آگے بڑھاتی ہے۔ یہ ہمارے تمام نوجوانوں کے لئے ایک حوصلہ افزا قوت بن جائے تاکہ وہ عزم کے ساتھ اَپنے جذبات کو آگے بڑھائیں۔ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ سدرشن کمار نے ٹیلنٹ کو فروغ دینے اور ہمارے نوجوانوں کو متحرک مستقبل کے لئے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لئے سرپرستوں کی کوششوں اور اُن کے عزم کی ستائش کی۔اُنہوں نے کہاکہ ان کی کامیابیاں صرف اِنفرادی کامیابیاں نہیں ہیں بلکہ تمام خواہش مند پیشہ ور اَفراد کے لئے حوصلہ افزائی کا مینار ہیں۔ اِنڈیا سکل کمپیٹیشنز نوجوان پیشہ ور افراد کے لئے اَپنی صلاحیتوں، تخلیقی صلاحیتوں اور اِختراعیت کومظاہرہ کرنے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتے ہیں جو ملک کی اَفرادی قوت کی ترقی میں اہم کردار اَدا کرتے ہیں۔ جموں و کشمیر کے شرکأکی نمایاں کارکردگی عملی مہارت کے ساتھ نوجوانوں کو بااِختیار بنانے کے لئے خطے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔اِس دستے کے ہمراہ مشن ڈائریکٹر لینا پادھا، او ایس ڈی ضیاء الحق، تبسم گیلانی اور جموں و کشمیر سکل ڈیولپمنٹ مشن کے ہلال احمد بھی تھے۔










