rain

جموں وکشمیر میں ہلکی اور درمیانہ درجے کی بارشوں کا سلسلہ جاری

کئی مقامات پر پانی جمع ،آنے والے دنوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان

سرینگر /کے پی ایس //وادی کشمیر کے ساتھ ساتھ جموں خطے کے بیشتر علاقوں میں ان دنوں ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارش ہورہی ہے جس سے گرمی کا زور ٹوٹ چکا ہے اور کسانوں کو بھی قدرے راحت مل رہی ہے۔کشمیر پریس سروس کے تفصیلات کے مطابق وادی کشمیر میں گزشتہ ایک ہفتے سے موسم میں بدلاؤ دیکھا جارہا ہے اور وقفہ وقفہ سے بارشیں ہورہی ہیں جس وجہ سے ندی نالوں میں بھی سطح آب میں بہتری آچکی ہے اوران آبائی وسائل میں پانی روانی سے جہاں لوگوں کے دل محظوظ ہورہے ہیں وہیں فصلوں میں بھی سینچائی سے نئی زندگی دیکھنے کو مل رہی ہے اور کسانوں کو بھی قدرے راحت مل رہی ہے ۔ گزشتہ 2روز سے ہورہی بارش کی وجہ سے سرینگر کے مختلف علاقوں سمیت کئی مقامات پر سڑکوں پر پانی جمع ہورہا ہے جبکہ گلی کوچوں کا حال بھی اس سے مختلف نہیں ہے۔ اطلاعات کے مطابق کاکہ پورہ مرکزی بازار میں پھر ایک بار پانی اس قدر جمع ہوچکا ہے وہاں سے پیدل چلنا محال ہوگیا ہے۔ شہر سرینگر میںبھی کئی مقامات پر بارش کا پانی جمع ہونے سے لوگوں کو آنے جانے میں مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے اور ان سڑکوں سے گاڑیوں کی آمدورفت میں بھی کافی حد تک رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں ۔ادھرضلع پلوامہ میں درجنوں سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ ہوچکی ہے اور بارش کے اس موسم میں یہ سڑکیں ناقابل استعمال بن چکی ہیں۔ نیم پختہ سڑکوں سے پیدل تو دور، گاڑیوں میں گزرنا بھی مشکل ہوجاتا ہے جبکہ بعض سڑکوں پر نمودار ہوچکے کھڑے وخندق ان دنوں چھوٹے چھوٹے تالابوں کا سا منظر پیش کرتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سرکاری سطح پر مناسب نکاسی کا انتظام نہ ہونے کے باعث کئی اہم مقامات پر بارش کا پانی جمع ہوچکا ہے جس سے وہاں کے لوگ سخت پریشان ہیں۔محکمہ موسمیات سرینگر نے جموں و کشمیر کے لیے ایک تفصیلی موسمی ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں 16 سے 17 جولائی اور پھر 21 سے 23 جولائی کے دوران درمیانہ سے شدید بارشوں، مٹی کے تودے گرآنے اور بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمدکے مطابق، ان دنوں کے دوران موسم عمومًا ابر آلود رہے گا اور وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ تاہم کچھ مقامات پر شدید اور انتہائی شدید بارشیں بھی ہو سکتی ہیں جو فلیش فلڈز اور لینڈ سلائیڈز کا باعث بن سکتی ہیں۔