موجودہ طبی سہولیات کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ وزیر صحت

جموں وکشمیر میں کلسٹر یونیورسٹیوں جموں او رسری نگر کو اِدارہ جاتی ترقی کیلئے اَراضی الاٹ ۔ وزیر سکینہ اِیتو

جموں//وزیر برائے تعلیم سکینہ اِیتو نے کہا کہ سری نگر اور جموں کے دونوں کلسٹر یونیورسٹیوں کو جموں و کشمیر میں اپنی مختلف عمارات کی تعمیر کے لئے زمین مختص کی گئی ہے۔وزیر موصوفہ نے یہ بات ایوان میں رُکن اسمبلی تنویر صادق کے اُٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔اُنہوں نے بتایا کہ سری نگر اور جموں کی کلسٹر یونیورسٹیوں کا قیام ’’سری نگر اور جموں کلسٹر یونیورسٹیز ایکٹ، 2016 ‘‘کے تحت راشٹریہ اُچتر شکھشا ابھیان (آر یو ایس اے) سکیم کے تحت کیا گیاجس میں آر یو ایس اے 1.0 کی ہدایات کے مطابق سری نگر اور جموں میں موجود پانچ پانچ سٹی کالجوں کے انسانی اور بنیادی ڈھانچے کے وسائل کو کلسٹر کیا گیا۔ وزیر موصوفہ نے کہا کہ ایس پی کالج،وومنز کالج ایم اے روڈ، امر سنگھ کالج، ایم اے ایم کالج، جی جی ایم سائنس کالج اور ایس پی ایم آر کالج آف کامرس جیسے تاریخی اور اعلیٰ کارکردگی کے حامل کالجوں کو کلسٹر یونیورسٹیوں کے تحت رکھا گیا۔اُنہوں نے کہا کہ دونوں یونیورسٹیوں نے اپنے اپنے فیکلٹی کے ساتھ اپنے آزاد پی جی سکولز قائم کئے ہیں۔وزیر سکینہ اِیتو نے واضح کیا کہ اس وقت حکومت کے زیر غور ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے جس کے تحت سری نگر اور جموں کے مذکورہ کالجوں کو کلسٹر یونیورسٹیوں کے ساتھ منسلک، ضم یا ان کے انتظامی و اثاثہ جاتی کنٹرول کو منتقل کیا جائے۔اُنہوںنے مزید کہا کہ اِس وقت ان کالجوں کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کا انتظامی کنٹرول محکمہ اعلیٰ تعلیم کے پاس ہی ہے۔اِس ضمن میں رُکن قانون ساز اسمبلی سیف الدین بٹ نے ضمنی سوال اُٹھایا۔