پروجیکٹ کو بروقت مکمل کرنے ، کاموں کی رفتار میں تیزی لانے اور انٹر ایجنسی کوارڈینیشن کو ہم آہنگ کرنے کی ہدایت دی
جموں / /لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راج بھون میں جموں و کشمیر یو ٹی میں نیشنل ہائی ویز اینڈ انفراسٹریکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ ( این ایچ آئی ڈی سی ایل ) کی جانب سے تعمیر کئے جانے والے مختلف پروجیکٹوں کی صورتحال کا جامع جائزہ لیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر کو جموں ۔ اکھنور روڈ فور لین سمیت متعدد پروجیکٹوں کی حیثیت، کام کی رفتار اور صوبہ جموں میں مختلف پروجیکٹوںچننئی ۔ سدھ مہادیو روڈ ، سدھ مہا دیو ۔ گوہا ٹنل ، زیڈ موڑ ٹنل کے علاوہ صوبہ کشمیرمیں زوجیلہ ٹنل ، بارہمولہ ۔ ٹنگمرگ ۔ گلمرگ سڑک کے امور کے بارے میںجانکاری دی گئی۔دورانِ میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ بڑی سڑکوں کے پروجیکٹوں پر کام کی رفتارمیں سرعت لائیں ۔ انہوں نے کسی بھی زیر التوأ رُکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہدایات جاری کیں ۔اس کے علاوہ زیادہ سے زیادہ نتائج حاصل کرنے کیلئے انٹر ایجنسی /ڈیپارٹمنٹ کوآرڈی نیشن کرنے پر زور دیا ۔ جموں ۔ اکھنور روڈ کے چار رویہ پروجیکٹ کے مختلف پیکجوں کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا گیا کہ کنال ہیڈ سے گنیش وہار تک تقریباً 70 فیصد ترقی حاصل کی گئی ہے جس میں 4.6 کلو میٹر طویل فلائی اوور کی تعمیر شامل ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ اَفسران کو منصوبے کی ٹائم لائن پر قائم رہنے کی واضح ہدایات جاری کیں۔۔ یہ منصوبہ ہمارے ہزاروں شہریوں کی زندگی کو آسان بنانے والا ہے۔ اس پر عمل درآمد میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہئے اور طے شدہ وقت کی پابندی کو یقینی بنانا ہوگا۔میٹنگ میں این ایچ۔244 کے چننئی ۔ سد ھ مہادیو روڈ سیکشن ، جموں کے علاقے میں سدھ مہادیو ۔ گو ہا ٹنل، گوہا کھیلنی کے دو لین کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ ہوا۔میٹنگ بتایا گیا کہ این ایچ آئی ڈی سی ایل کے سینئر اَفسران کی ایک ٹیم اگلے ہفتے ڈوڈہ کا دورہ کرے گی تاکہ این ایچ۔ 244 منصوبے سے متعلقہ تمام زیر اِلتوأ مسائل کو ضلعی حکام کے ساتھ مل کر کام شروع کیا جائے۔صوبہ کشمیر میں جاری مختلف منصوبوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا ، جس میں زیڈ موڈ ٹنل،زوجیلہ ٹنل ، بارہمولہ ۔ ٹنگمرگ ۔ گلمرگ سڑک بھی شامل ہے۔میٹنگ کو بتایا گیا کہ آئندہ سردیوں کے موسم میں سونمرگ ہائی وے کی رابطہ کو یقینی بنایا جائے گا اور شدید برف باری کی وجہ سے متاثر ہونے والی تمام بڑی سڑکوں پربرف کٹرس کی مؤثر تعیناتی ہوگی۔لیفٹیننٹ گورنر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ شاہراہوں کے ساتھ زمین کاٹنے جیسے کاموں کی تکنیکی نگرانی کریں۔ انہوں نے کہاکہ حولیات کے تحفظ کے علاوہ کاموں کے اعلی معیار کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، پرنسپل سیکرٹری محکمہ داخلہ شیلندر کمار ، پرنسپل سیکرٹری پبلک ورکس ( آر اینڈ بی ) محکمہ منوج کے دوِیدی ، اِنتظامی سیکرٹری کان کنی محکمہ وِکاس کنڈل ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی سی سی ، جموںوکشمیر کے صوبائی کمشنران کے علاوہ متعلقہ اضلاع کے کمشنران نے ذاتی طور پر اور بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میں شرکت کی۔ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر این ایچ آئی ڈی سی ایل جموں اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر این ایچ آئی ڈی سی ایل کشمیر کے ساتھ این ایچ آئی ڈی سی ایل کے سینئر ارکان نے بھی میٹنگ میںحصہ لیا۔










