جموں وکشمیر میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی اَپنائیں۔ نائب وزیرا علیٰ کی اَفسران کو ہدایت

جموں وکشمیر میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی اَپنائیں۔ نائب وزیرا علیٰ کی اَفسران کو ہدایت

چوتھے پُل توی کے قریب دریا کے کنارے کے علاقے کا معائینہ کیا اور غیر قانون کان کنی کے خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کا انتباہ

سری نگر//نائب وزیراعلیٰ سریندر کمار چودھری نے جموں و کشمیر میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ ساتھ غفلت برتنے والے اَفسران کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔اُنہوں نے دریائے توی پر واقع چوتھے پُل کے قریب دریا کے کنارے کے علاقے کے معائینے کے دوران مبینہ طور پر طے شدہ اَصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جاری کان کنی کی سرگرمیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیا۔نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ ڈائریکٹر مائننگ، چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈِی، اے ڈِی سی جموں، اے ایس پی ساؤتھ جموں اور دیگر سینئراَفسران بھی تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے پُل کے قریب کان کنی کے مسائل کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے چیف اِنجینئر، پی ڈبلیو ڈِی کو باضابطہ شکایت درج کرنے اور ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی تاکہ ملوث اَفراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔اُنہوں نے کہا،’’ اِس وقت تمام مائننگ بلاکس غیر فعال ہیں اور کسی بھی قسم کی کان کنی کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ اس ممنوعہ زون میں کسی بھی قسم کی سرگرمی غیر قانونی ہے اور اس پر سخت کارروائی کی جائے گی۔‘‘نائب وزیراعلیٰ نے اِس بات پر زور دیاکہ موجودہ مائننگ ضوابط کے مطابق کسی بھی پُل کے اوپر یا نیچے 500 میٹر کے دائرے میں کان کنی کی اِجازت نہیں ہے ۔ اُنہوں نے کہا،’’یہ اِنتہائی افسوسناک ہے کہ پُل کے نیچے کان کنی کی جا رہی ہے اور متعلقہ حکام کارروائی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ہم نے زیرو ٹالرنس کا طریقہ اپنایا ہے اور ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘‘اُنہوںنے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر جموںجو ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس آن مائننگ کے چیئرمین ہیںکے ساتھ ساتھ سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس جموں اور ڈِسٹرکٹ منرل آفیسر (ڈی ایم او) کو مائننگ ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
نائب وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ کسی بھی گاڑی کو درست دستاویزات کے بغیر کان کنی کا سامان لے جانے کی اِجازت نہیں ہوگی۔اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ غیر قانونی ٹرانسپورٹیشن میں ملوث گاڑیوں کو فوری طور پر ضبط کیا جائے، جُرمانے عائد کئے جائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مناسب قانونی کارروائی فوری طور پر شروع کی جائے۔نائب وزیراعلیٰ نے غیر فعال یا غیر مجاز بلاکوں سے کان کنی کی اطلاعات پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے ذمہ داری کا تعین کرنے اور جوابدہی کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔ اُنہوں نے اِس بات کا اعادہ کیاکہ کان کنی صرف ان بلاکوں میں کی جا سکتی ہے جو باقاعدہ طور پر شناخت شدہ اور منظور شدہ ہوں اور تمام ضروری کارروائیاں مکمل کی جا چکی ہوں۔انہوں نے اِس بات پر بھی زور دیا کہ سیلابی کنٹرول یا ڈریجنگ کے کاموں میں مصروف محکموں سمیت کوئی بھی محکمہ مجاز اَتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیر کوئی سرگرمی انجام نہیں دے گا۔ دریاؤں میں مشینری کی غیر مجاز تعیناتی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔نائب وزیر اعلیٰ نے یقین ظاہر کیاکہ اس معائینے کے نتیجے میں زمینی سطح پر واضح بہتری آئے گی اور عوام کو یقین دِلایا کہ انتظامیہ قدرتی وسائل کے تحفظ اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لئے پوری طرح پُرعزم ہے۔دورے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے چوتھے پل پر جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا اور بروقت تکمیل کے لئے کام کی رفتار کو تیز کرنے پر زور دیا۔