جموں وکشمیر میں ادویہ سازی کے شعبے میں ترقی جاری

جموں وکشمیر میں ادویہ سازی کے شعبے میں ترقی جاری

29یونٹوں کو رجسٹریشن دی گئی ،24یونٹوں نے پیداوار شروع کردی/ مرکز

سرینگر/ ٹی ای این / وزیر مملکت برائے کیمیکلز و فرٹیلائزرز محترمہ انوپریہ پٹیل نے آج راجیہ سبھا میں ایک تحریری جواب میں بتایا کہ جموں و کشمیر میں فارماسیوٹیکل شعبے کی ترقی کے لیے مختلف سرکاری اسکیموں کے تحت اہم پیش رفت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ فروغ صنعت و اندرونی تجارت (DPIIT) کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق، نیو سنٹرل سیکٹر اسکیم (NCSS) 2021 کے تحت جموں و کشمیر میں فارماسیوٹیکل سیکٹر کے کل 29 یونٹس کو رجسٹریشن دی گئی ہے، جن میں سے 24 یونٹس نے اپنی پیداوار شروع کر دی ہے۔ مالی سال 2025-26 کے دوران ان یونٹس کو مجموعی طور پر 31.76 کروڑ روپے کی مراعات فراہم کی جا چکی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ بلک ڈرگز کے لیے پروڈکشن لنکڈ انسینٹو (PLI) اسکیم کے تحت جموں و کشمیر میں ایک پروجیکٹ کی منظوری دی گئی ہے، جس میں دسمبر 2025 تک 162.01 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے، تاہم اس منصوبے کو ابھی تک کوئی مالی ترغیب جاری نہیں کی گئی ہے۔اسی طرح، فارماسیوٹیکلز کے لیے PLI اسکیم کے تحت ایک یونٹ میں مینوفیکچرنگ شروع ہو چکی ہے، جس میں دسمبر 2025 تک 14.15 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ میڈیکل ڈیوائسز پارکس کے قیام کی اسکیم کے تحت ملک میں تین پارکس گریٹر نوئیڈا، اجین اور کانچی پورم میں ترقی کے اعلیٰ مرحلے پر ہیں، جن کی مجموعی لاگت 871.11 کروڑ روپے ہے۔ تاہم، فی الحال جموں و کشمیر میں کوئی میڈیکل ڈیوائس پارک موجود نہیں ہے۔اسی طرح، بلک ڈرگ پارکس کی اسکیم کے تحت آندھرا پردیش، گجرات اور ہماچل پردیش میں تین پارکس کی منظوری دی گئی ہے، لیکن جموں و کشمیر اس وقت اس فہرست میں شامل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات مقامی سطح پر اے پی آئی اور انٹرمیڈیٹ پیداوار کو فروغ دینے، لاجسٹکس اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور مالی مراعات فراہم کرنے کے ذریعے جموں و کشمیر میں فارماسیوٹیکل صنعت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔