جموں وکشمیر میںگلوبل وارمنگ کے اثرات یاکچھ اور۔۔!

جموں وکشمیر میںگلوبل وارمنگ کے اثرات یاکچھ اور۔۔!

سری نگر//اقوام متحدہ کی ’موسمیاتی تبدیلی پر بین حکومتی پینل‘IPCCکی تازہ رپورٹ میں خبردارکیاگیا ہے کہ سال 2030تک دنیامیں گرمی کی شدت ایک اعشاریہ پانچ سینٹی گریڈتک بڑھ جائیگی جوانسانیت کیلئے ایک بہت بڑے خطرے کی صورتحال ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق دنیا کے کئی ممالک میں گلوبل وارمنگ کے اثرات ظاہر ہورہے ہیں کیونکہ کہیں جنگلوں میں بے قابو آگ نمودارہورہی ہے ،کہیں سونامی طرزکی لہریں تباہی مچارہی ہیں ،کہیں بے وقت کی موسلا دار بارشیں سیلابی صورتحال پیداکررہی ہیں اورکہیں بادل پھٹنے کے واقعات اورگلیشیروں کے پگل جانے سے سیلابی صورتحال پیدا ہورہی ہے ۔ایسے میں جموں وکشمیر میں بھی گلوبل وارمنگ کے اثرات دکھائی دینے لگے ہیں ،کیونکہ عمومی طورپر 15ستمبر کے بعدکشمیرمیں سردیوں کاموسم دستک دینے لگتاہے اورجموں صوبہ میں بھی درجہ حرارت میں بتدریج کمی واقعہ ہوتی ہے۔تاہم اب جبکہ ماہ ستمبر مکمل ہوا ہے اوراکتوبر کامہینہ شروع ہوا ہے توجموں وکشمیرمیں دن کے وقت گرمی وتپش کی شدت برقرار رہنے کیساتھ ساتھ شبانہ درجہ حرارت بھی معمول سے زیادہ ہے ،جو ایک تشویشناک امر ہے ۔غورطلب ہے کہ گزشتہ کچھ برسوں سے جموں وکشمیر کے کئی بالائی اوراوپری علاقوں میں بادل پھٹنے کے متعددواقعات رونما ہوئے ہیں اوراس دوران کئی انسانی جانیں تلف ہونے کیساتھ ساتھ بے زبان جانور بھی مرگئے ہیں اوراملاک کوبھی نقصان پہنچاہے ۔جے کے این ایس کے مطابق سردپتھری کے نام سے مشہور کشمیروادی میں فی الوقت رات کاکم سے کم درجہ اوسطاًمعمول سے پانچ سینٹی گریڈ زیادہ ہے ۔سری نگرمیں قائم محکمہ موسمیات کی جانب سے جمعرات کی صبح شبانہ درجہ حرارت کے حوالے سے جاری کردہ اعدادوشمار چونکا دینے والے ،حیران کن اورتشوشناک بھی ہیں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات سری نگرشہرمیں درجہ حرارت 16.8سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیاجوکہ معمول سے 7.5سینٹی گریڈ زیادہ ہے ۔ قاضی گنڈمیں شبانہ درجہ حرارت 13.3سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیاجوکہ معمول سے 5.4سینٹی گریڈ زیادہ ہے ۔ سیاحتی مقام پہلگام میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت 12.1سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیاجوکہ معمول سے 7.1سینٹی گریڈ زیادہ ہے ۔ککرناگ میں درجہ حرارت 12.7سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیاجوکہ معمول سے 3.9سینٹی گریڈ زیادہ ہے ۔ پانپورمیں شبانہ درجہ حرارت12.5سینٹی گریڈ ،اونتی پورہ میں13.3،اننت ناگ میں13.0،کھڈونی میں12.8،کولگام میں 13.7اورشوپیان میں شبانہ درجہ حرارت 11.0سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیاجوکہ معمول سے زیادہ ہے ۔اسی طرح شمالی کشمیرمیں بھی رات کاکم سے کم درجہ حرارت معمول سے کئی کئی سینٹی گریڈ زیادہ ہے ۔سیاحتی مقام گلمرگ جہاں عمومی طورپر سردی رہتی ہے ،میں رات کاکم سے کم درجہ حرارت10.5سینٹی گریڈ رہاجوکہ معمول سے3.9سینٹی گریڈ زیادہ ہے۔کپوارہ میں شبانہ درجہ حرارت 13.2سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیاجومعمول سے5.2سینٹی گریڈ زیادہ ہے ۔بارہمولہ اوربانڈی پورہ اضلاع میں بدھ اورجمعرات کی درمیانی رات درجہ حرارت بالترتیب 15.1اور13.9سینٹی گریڈ درج کیاگیا جوکہ معمول سے کئی کئی سینٹی گریڈ زیادہ ہے ۔سری نگرکیساتھ ساتھ وسطی کشمیر کے باقی دونوں اضلاع بڈگام اورگاندربل میں بھی رات کے وقت گرمی محسوس کی جاتی ہے کیونکہ بڈگام اورگاندربل میں دوران شب کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب14.6اور12.0سینٹی گریڈ درج کیاگیا،جوکہ معمول سے زیادہ ہے ۔اُدھر پورے جموں صوبے میں بھی شبانہ درجہ حرارت معمول سے کہیں زیادہ ہے اوراہلیان جموں کورات کے وقت بھی گرمی وتپش کاسامنا کرنا پڑرہاہے۔