سری نگر//سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی جموں و کشمیر کے ایک وفد نے شرومنی ڈیرہ ننگلی صاحب کے سربراہ شریمن مہنت منجیت سنگھ کی قیادت میں آج راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہاسے ملاقات کی۔شریمن مہنت منجیت سنگھ نے سکھ کمیونٹی کے طویل عرصے سے زیرِ اِلتوأ مسائل کو حل کرنے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر کی زیرقیادت یو ٹی اِنتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جس میں جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کے ایک رُکن کی حالیہ تقرری بھی شامل ہے۔وفد کے اَرکان نے مطالبات کا ایک چارٹر پیش کیا جس میں جموںوکشمیر یوٹی میں رہنے والی سکھ کمیونٹی کے متعلقہ مسائل کو اُجاگر کیا گیا۔ اُنہوں نے پہاڑی نسلی گروپ میں اہل سکھ آبادی کو شامل کرنے ، پنجابی زبان کے فروغ اور سری نگر میں مہاراجہ رنجیت سنگھ جی کے مجسمے کی تنصیب سے متعلق متعدد مطالبات بھی پیش کئے۔چیئرمین سکھ کوآرڈی نیشن کمیٹی جموں و کشمیر ایس اجیت سنگھ جو آل جموں و کشمیر ٹرانسپورٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سربراہ بھی ہیں، نے لیفٹیننٹ گورنر کو ٹرانسپورٹر زکمیونٹی کے مختلف فلاحی مسائل سے آگاہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے اَرکان کو بات چیت کے دوران پیش کئے گئے مسائل پر مناسب کارروائی کی یقین دہانی کی۔










