گرج چمک کیساتھ ہلکی تادرمیانی بارشیں، تیز ہوائیں اور ژالہ باری:محکمہ موسمیات
سری نگر//محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق صبح سے ہی مطلع ابرآلود رہنے کے بعدمنگل کی دوپہر سمری نگر سمیت وادی کے کچھ علاقوںمیں ہلکی بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیا،جو وقفے وقفے سے جاری رہا۔اس دوران محکمہ موسمیات نے کہاکہ اگلے 48 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔جے کے این ایس کے مطابق حالیہ کئی دنوں سے جاری خشک موسمی صورتحال کاسلسلہ منگل کواُسوقت ٹوٹ گیا جب صبح سے مطلع ابرآلود رہنے کے بیچ بعددوپہر سری نگر سمیت کشمیر کے کچھ علاقوںمیں ہلکی بارشوںکاسلسلہ شروع ہوگیا،جو سہ پہرتک وقفے وقفے سے جاری تھا،اورشام کے وقت بھی کئی علاقوں سے بارش ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔تاہم دن کے درجہ حرارت میں کوئی خاص کمی واقعہ نہیں ہوئی ،کیونکہ منگل کودن کے 2بجے سری نگرمیں درجہ حرارت22ڈگری سینٹی گریڈ اورکشمیر کے باقی اضلاع میں اوسطاً20ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔اس دوران محکمہ موسمیات نے اگلے 48 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں ہلکی/ درمیانی بارش کی پیش گوئی کی ۔محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ کشمیر ڈویڑن میں، موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور خاص طور پر منگل کو دوپہرسے شام تک کچھ علاقوں اور مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس کے بعد،20 اور 21 اپریل کے دوران کشمیر ڈویڑن کے کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش،گرج چمک کے ساتھ کبھی کبھار تیز ہوائیں چلنے اور کچھ مقامات پر ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ جموں ڈویڑن میں منگل کو زیادہ تر مقامات پر موسم بنیادی طور پر صاف اور گرم رہے گا۔تاہم 20اور21 اپریل کے دوران کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اورگرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے مزیدکہاکہ بارشوں کے اس جزوقتی مرحلے کے بعدآنے والے دنوںمیں کسی بھاری بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے۔دریں اثناء سوموارورمنگل کی درمیانی رات سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت11.2، پہلگام 5.5 اور گلمرگ میں7.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا۔لداخ میں دراس میں سوموارورمنگل کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت1.5، لیہہ4.8 اور کرگل میں 5.2 تھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سوموارورمنگل کی درمیانی رات جموں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 24.6 ، کٹرہ میں 21.7، بٹوٹ میں 15.8، بانہال میں10.6 اور بھدرواہ میں11.2 درجہ حرارت درج ہوا۔










